سابق بائولرکا بابراعظم اور رضوان کو ریٹائرمنٹ پرغورکرنےکا مشورہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 ںیوز)سابق پاکستانی فاسٹ باولر تنویر احمد نے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کو بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ پر غور کرنےکا مشورہ دے دیا۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر کی جانب سے یہ بیان پی سی بی کی جانب سے متحدہ عرب امارات میں ہونے والی تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز اور ایشیا کپ کے لیے پاکستانی اسکواڈ کا اعلان کرنے کے بعد سامنے آیا ہے، خیال رہےکہ تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز اور ایشیا کپ کے لیے اعلان کردہ پاکستانی اسکواڈ میں بابر اعظم، محمد رضوان اور نسیم شاہ شامل نہیں ہیں۔
سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں تنویر احمد نے بابر اور رضوان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میری دونوں سےگزارش ہےکہ اگر آپ کو لگتا ہےکہ آپ کی عزت نہیں ہورہی تو انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لےلیں، ہمارے سامنے ویرات کوہلی کی مثال موجود ہے، عزت آپ کے اپنے ہاتھ میں ہے، تنویر احمد نے ٹیم سلیکشن پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ فخر زمان کو ٹیم میں زبردستی شامل کیا گیا تاکہ بابر اعظم کو باہر رکھا جاسکے۔
خیال رہےکہ بابر اعظم اور محمد رضوان نے آخری بار دسمبر 2024 میں جنوبی افریقا کے خلاف سنچورین میں قومی ٹیم کی طرف سے ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا تھا۔
لاہور میں اسکواڈ کا اعلان کرنےکے موقع پر قومی ٹیم کے سلیکٹر اور ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی اگر سیدھے بلے سے کھیلنا ہے تو پھر ٹی ٹوئنٹی کھیلنی نہیں چاہیے، صائم، صاحبزادہ اور فخر زمان اچھا کھیل رہے ہیں ان پر کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے۔
عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ کسی کھلاڑی کی فارم کو تین میچز کی فارم پر جانچنا ایک سخت فیصلہ ہے، بابر نے پہلا میچ اچھا کھیلا، انہیں کچھ ایریاز میں بہتر کرنےکا کہا گیا ہے، صاحبزادہ فرحان 6 میچز میں سے تین میں مین آف دی میچ رہے ہیں۔
عاقب جاوید کے مطابق بابر اعظم اور محمد رضوان اس سے پہلے تین سیریز میں نہیں تھے، بابر اور رضوان دیگر کی طرح کھیلیں گے تو ضرور ٹی ٹوئنٹی کھیلیں گے، ان کے ساتھ کسی کو پرابلم نہیں ہے لیکن اس وقت ہمارے پاس آپشنز اچھے ہیں۔
صائم ، فخر اور صاحبزادہ فرحان ہی ٹاپ آرڈر میں تھے۔ کسی کھلاڑی کو دو تین میچز کی بنیاد پر زیر غور نہ لانے والی بات درست نہیں، ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ اب ہم بابر اور رضوان کو زیر غور کبھی نہیں لائیں گے۔