وزیراعلیٰ سندھ کا شہداء کے ورثاء کیلئے 1 کروڑ اور زخمیوں کیلئے 10 لاکھ روپےکا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھارتی بزدلانہ جارحیت کے نتیجے میں شہید ہونے والوں کے ورثاء کیلئے ایک کروڑ اور زخمیوں کیلئے 10 لاکھ روپے فی کس امداد کا اعلان کردیا۔
آپریشن بنیان مرصوص میں کامیابی پر یوم تشکر کے حوالے سے سندھ سیکرٹریٹ میں پرچم کشائی کی تقریب ہوئی جس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پرچم کشائی کی جبکہ صوبائی وزرا، مشیران، معاونین خصوصی، چیف سیکریٹری و دیگر افسران بھی شریک ہوئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہمارے جوانوں نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، مادرِ وطن کا دفاع ہر پاکستانی کا اولین فریضہ ہے اور وطن کی عزت پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔
دوسری جانب میڈیا سے گفتگو میں مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ بھارتی جارحیت کے خلاف پوری قوم نے متحد ہو کر مقابلہ کیا، ہماری مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا،سندھ کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ یوم تشکر منائیں اور شہدا کیلئے دعا کریں، اللّٰہ تعالیٰ نے جو فتح ہمیں دی ہے اس کامیابی کو ملک کی بہتری کے لیے استعمال کریں۔