پاکستان کی کوششوں سے امریکہ اور ایران میں امن معاہدہ، برطانیہ کا خیرمقدم
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)برطانیہ کے وزیر برائے مشرق وسطیٰ، افغانستان اور پاکستان، ہیمش فالکنر نے اپنے دو روزہ دورۂ پاکستان کے دوران امریکا ایران امن معاہدے میں پاکستان کے اہم کردار کو سراہتے ہوئے پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا ہے۔
وزیر نے اسلام آباد میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کے دوران کہا کہ پاکستان نے امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کو کامیاب بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا، جس سے خطے میں امن اور استحکام کے لیے ایک اہم موقع پیدا ہوا ہے۔
ہیمش فالکنر نے کہا کہ برطانیہ مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کے لیے پاکستان سمیت اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گا تاکہ اس پیش رفت کو دیرپا امن میں تبدیل کیا جا سکے۔
دورے کے دوران برطانیہ نے پاکستان کے ساتھ غیر قانونی امیگریشن، انسانی اسمگلنگ اور منظم جرائم کے خلاف تعاون بڑھانے کے لیے مزید 80 لاکھ پاؤنڈ کی مالی معاونت کا اعلان بھی کیا،اس فنڈنگ کا مقصد سرحدی اور ویزا نظام کو مضبوط بنانا، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی صلاحیت میں اضافہ کرنا اور انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیوں کو مؤثر بنانا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:حکومت نے خوشخبری سنا دی
اس منصوبے کے تحت ایسے افراد کی واپسی میں بھی مدد دی جائے گی جنہیں برطانیہ میں رہنے کا قانونی حق حاصل نہیں، جبکہ ان علاقوں میں کمیونٹی سطح کے پروگرام بھی شروع کیے جائیں گے جہاں سے غیر قانونی ہجرت کا رجحان زیادہ پایا جاتا ہے۔
ہیمش فالکنر نے کہا نے کہا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان معاہدہ ایک نہایت اہم پیش رفت ہے۔اسلام آباد میں پاکستان کی قیادت کا ذاتی طور پر شکریہ ادا کرتے ہوئے خوشی محسوس کر رہا ہوں، پاکستان نے خطے میں استحکام کے لیے اس موقع کو پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور ہم دیرپا امن کے لیے اس کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔"
انہوں نے مزید کہا کہ برطانیہ اور پاکستان کے درمیان شراکت داری عالمی، علاقائی اور برطانوی قومی سلامتی کے لیے انتہائی اہم ہے، خصوصاً دہشت گردی، ویزا فراڈ اور منظم جرائم کے خلاف مشترکہ اقدامات میں۔
اپنے دورے کے دوسرے روز وزیر پاکستانی حکام کی جانب سے غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا عملی مظاہرہ بھی دیکھیں گے،برطانوی تعاون سے پاکستانی حکام ہوائی اڈوں پر مشتبہ اور غیر حقیقی ویزا رکھنے والے مسافروں کی نشاندہی اور روک تھام کر رہے ہیں تاکہ صرف اہل مسافر اور طلبہ ہی برطانیہ کا سفر کر سکیں۔
دورے کے دوران ہیمش فالکنر نے افغانستان سے متعلق پاکستان کے خصوصی نمائندے سے بھی ملاقات کی، جس میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی، مذاکرات کی بحالی اور افغانستان سے درپیش دہشت گردی کے خطرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔