خانہ کعبہ کے نئے غلافِ کسوہ کی تیاری مکمل، تبدیلی کی روح پرور تقریب آج

نیا غلافِ کعبہ انتہائی باریک بینی، مہارت اور اعلیٰ معیار کے ساتھ تقریباً 11 ماہ کے عرصے میں تیار کیا گیا

Jun 16, 2026 | 00:51:AM
خانہ کعبہ کے نئے غلافِ کسوہ کی تیاری مکمل، تبدیلی کی روح پرور تقریب آج
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 ںیوز ) خانہ کعبہ کے نئے غلافِ کسوہ کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے، جبکہ غلافِ کعبہ کی تبدیلی کی روح پرور اور باوقار تقریب آج منعقد ہوگی۔

حرمین شریفین کے امور سے متعلق حکام کے مطابق نیا غلافِ کعبہ انتہائی باریک بینی، مہارت اور اعلیٰ معیار کے ساتھ تقریباً 11 ماہ کے عرصے میں تیار کیا گیا ہے۔ غلاف 47 ریشمی پینلز پر مشتمل ہے جن پر سونے اور چاندی کے دھاگوں سے قرآنِ مجید کی 68 آیاتِ مبارکہ کی نہایت خوبصورت اور نفیس کڑھائی کی گئی ہے۔

نئے غلافِ کعبہ کا مجموعی وزن 1,415 کلوگرام ہے,اس کی تیاری کے تمام مراحل مکہ مکرمہ میں قائم شاہ عبدالعزیز کمپلیکس برائے کسوہ کعبہ میں مکمل کیے گئے، جہاں ہر مرحلے پر معیار، نفاست اور پائیداری کو یقینی بنانے کے لیے سخت جانچ پڑتال کی جاتی ہے۔

غلافِ کعبہ کی تیاری کو اسلامی فنون، روایتی دستکاری اور جدید معیارِ نگرانی کا ایک منفرد شاہکار تصور کیا جاتا ہے, ہر سال خصوصی اہتمام کے ساتھ نیا غلاف تیار کیا جاتا ہے اور اسے ایک روحانی اور تاریخی تقریب کے دوران خانہ کعبہ پر چڑھایا جاتا ہے۔

دنیا بھر کے مسلمان اس روح پرور منظر کو عقیدت و احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، جبکہ غلافِ کعبہ کی سالانہ تبدیلی اسلامی تہذیب، فن اور روحانیت کے حسین امتزاج کی علامت سمجھی جاتی ہے۔

واضح رہے کہ غلافِ کعبہ (کسوہ) کی تبدیلی ہر سال یکم محرم الحرام کو نئے ہجری سال کے آغاز پر کی جاتی ہے، اس موقع پر پرانا غلاف اتار کر نیا غلاف خانہ کعبہ پر چڑھایا جاتا ہے، جو اسلامی دنیا کی اہم ترین سالانہ مذہبی تقریبات میں شمار ہوتا ہے۔ 

ماضی میں غلافِ کعبہ کی تبدیلی 9 ذوالحجہ (یومِ عرفہ) کو کی جاتی تھی، تاہم حالیہ برسوں میں اس روایت کو تبدیل کرکے یکم محرم سے منسلک کر دیا گیا ہے۔

نیا غلاف مکہ مکرمہ میں واقع شاہ عبدالعزیز کمپلیکس برائے کسوہ کعبہ میں تقریباً 10 سے 11 ماہ کی محنت سے تیار کیا جاتا ہے اور اس کی تنصیب ایک خصوصی تربیت یافتہ ٹیم انجام دیتی ہے۔ 

یہ بھی پڑھیں :پاکستان نے عالمی امن کے لیے مثبت کردار ادا کیا؛فیصل واوڈا