اڈیالہ جیل پنجاب حکومت کے زیر انتظام وفاق کا اس پر کوئی اختیار نہیں:اعظم نذیر تارڑ

Jan 16, 2026 | 11:47:AM
اڈیالہ جیل پنجاب حکومت کے زیر انتظام وفاق کا اس پر کوئی اختیار نہیں:اعظم نذیر تارڑ
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)سینیٹ کا اجلاس پریذائیڈنگ آفیسر شیری رحمان کی زیر صدارت منعقد ہوا،اجلاس کے آغاز میں پاک فوج اور سیکیورٹی اداروں کے شہدا کے لیے ایوان میں فاتحہ خوانی کی گئی، جبکہ اسلام آباد کے جی سیون ٹو گیس لیکج واقعے میں جاں بحق افراد کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔

اجلاس کے دوران وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے اڈیالہ جیل سے متعلق تفصیلات ایوان کے سامنے رکھیں، انہوں نے کہا کہ اڈیالہ جیل پنجاب حکومت کے زیر انتظام ہے اور وفاق کا اس پر کوئی اختیار نہیں۔

اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ جیل سپرنٹنڈنٹ نے ملاقاتوں اور فراہم کی جانے والی سہولیات سے متعلق مکمل رپورٹ فائل کی ہے، جسے قومی اسمبلی میں پیش کیا گیا، رپورٹ میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں کی تفصیل شامل ہے،عمران خان کو ان کی مرضی کا کھانا دیا جاتا ہے اور ان کی صحت بالکل ٹھیک ہے۔

وفاقی وزیر قانون کے مطابق رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو تنہائی میں نہیں رکھا گیا، قیدیوں سے مشقت نہیں لی جاتی اور انہیں سروس اسٹاف سمیت تمام بنیادی سہولیات فراہم کی گئی ہیں ،رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ قیدی مکمل آئسولیشن میں نہیں ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل میں تمام قانونی سہولیات دی جا رہی ہیں اور ان کی اہلیہ سے ملاقاتوں کا بھی انتظام کیا جاتا ہے، ان کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو سزا ہو چکی ہے اور معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے۔

یہ بھی پڑھیں:بنگلہ دیش: جماعتِ اسلامی کی قیادت میں انتخابی اتحاد، 253 نشستوں پر انتخابی معاہدہ طے

اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ قانونی معاملات پر اختیار اتھارٹی کے پاس ہوتا ہے  جبکہ قیدیوں کی کسٹڈی عدالتیں ریگولیٹ کرتی ہیں، یہ حکومتوں کا کام نہیں۔

وفاقی وزیر قانون نے سابق وزیراعظم نواز شریف کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہیں کوٹ لکھپت جیل لاہور میں رکھا گیا تھا اور جیل میں ان سے ملاقاتیں بھی محدود وقت کے لیے ہوتی تھیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے باقاعدہ میڈیکل چیک اپ کیے جا رہے ہیں اور ان کی صحت سے متعلق تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔