گھوٹکی میں ڈاکوؤں کی مسافر بس پر یلغار،19 افراد اغوا، 10 کو بازیاب کرالیاگیا

Dec 16, 2025 | 09:06:AM
گھوٹکی میں ڈاکوؤں کی مسافر بس پر یلغار،19 افراد اغوا، 10 کو بازیاب کرالیاگیا
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(شیرباز بلوچ )گھوٹکی میں ڈاکوؤں کی مسافر بس پر یلغار،19 افراد اغوا، 10 کو بازیاب کرالیاگیا۔

 تفصیلات کے مطابق پولیس نے مسافر بس سے اغوا ہونے والے 19 میں سے 10 مغویوں کو بازیاب کروا لیا جبکہ مزید کی تلاش جاری ہے۔ ڈاکوؤں نے گڈو لنک روڈ پر صادق آباد سے کوئٹہ جانے والی بس کو لوٹنے کے بعد مسافروں کو اغوا کیا تھا ۔

ڈی ایس پی اوباڑو کا کہنا ہے کہ مغویوں کو سومیانی میں مقابلے کے بعد بازیاب کروایا گیا، پولیس اور ڈاکوؤں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے بعد علاقے کی ناکہ بندی کر دی گئی، بازیاب کروائے گئے چند مسافر زخمی ہیں جن کی موقع پر مرہم پٹی کی جا رہی ہے۔

خیال رہے کہ صادق آباد سے کوئٹہ جانے والی مسافر بس کو ڈاکوؤں نے لوٹ لیا اور متعدد افراد کو اغوا کر کے ساتھ لے گئے، بس میں خواتین سمیت 27 افراد سوار تھے، ڈاکو خواتین کو چھوڑ کر 19 مردوں کو اپنے ساتھ لے گئے۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ ڈاکوؤں کی تعداد درجنوں میں تھی، سب کے پاس جدید اسلحہ تھا، واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کی ناکہ بندی کر دی۔

ابتدائی طور پر پولیس کا کہنا تھا کہ کچھ مسافر لاپتہ ہیں جو خوف کے سبب گنے کی فصل میں چھپ گئے ہیں، تاہم مسافروں کی اغوا کی تصدیق نہیں کرسکتے۔

دوسری جانب  بس حادثہ کے حوالے سے  عینی شاہد نے آنکھوں دیکھا حال بتا دیا۔

  بس میں سوارمسافرنے بتایا کہ اس موقع پر 15سے 20 ڈاکوؤں نے بس پر فائرنگ کی، جس سے 3 ٹائر برسٹ ہوگئے۔

عینی شاہد کے مطابق ڈاکوؤں نے بس سے صرف مرد مسافروں کو تشدد کرتے ہوئے نیچے اتارا، جن کے ساتھ خواتین تھیں انہیں چھوڑ دیا گیا۔

 خوف وہراس پھیلانے کیلئے ڈاکو جدید اسلحے سے آدھے گھنٹے تک شدید فائرنگ کرتے رہے، واقعے کے آدھے گھنٹے بعد پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی۔