پی ایس ایل 8: آج ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز مدمقابل ہوں گے

Feb 15, 2023 | 13:46:PM
پی ایس ایل 8: آج ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز مدمقابل ہوں گے
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) پی ایس ایل کے سیزن 8 میں آج ملتان سلطانز کا مقابلہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے ہوگا، میزبان ٹیم ہوم گراؤنڈ پر پہلے معرکے میں سرخرو نہیں ہوسکی۔

لاہور قلندرز نے سنسنی خیز معرکے میں ایک رن سے فتح پائی، کپتان محمد رضوان اور شان مسعود اچھی فارم میں ہیں، ڈیوڈ ملر، کیرون پولارڈ اور خوشدل شاہ بھی میچ ونر ہیں البتہ انھیں اچھے آغاز کو بڑے اسکور میں تبدیل کرنے کیلئے ذمے داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیے: کوئٹہ کے پاس چیمپئن بننے کیلئے سب کچھ موجود ہے، محمد حفیظ

بولرز میں اسامہ میر نے کراچی کنگز کو جوائن کرنے والے عمران طاہر کا خلاء بخوبی پُر کیا، احسان اللہ بھی اچھی فارم میں ہیں، عقیل حسین، شاہنواز دھانی اور ثمین گل کو لائن و لینتھ بہتر بنانا ہوگی۔

دوسری جانب گزشتہ سیزن کی بانسبت متوازن نظر آنے والا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا اسکواڈ بھی مہم کا فاتحانہ آغاز کرنے کا عزم لیے میدان میں اترے گا، مارٹن گپٹل اور جیسن روئے چھکے چھڑا سکتے ہیں۔

کپتان سرفراز احمد اننگز کو استحکام دینے کے اہل ہیں، افتخار احمد، عمر اکمل اور محمد نواز بھی بڑا اسکور بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ محمد حفیظ  متبادل کے طور پر اسکواڈ کا حصہ بن چکے ہیں،پیس بیٹری میں نسیم شاہ اور محمد حسنین امیدوں کا محور ہوں گے۔