ایشیا کپ کاہائی وولٹیج ٹاکرا، شائقین کا جوش و جذبہ آسمان پر ، میچ سے قبل بھارتی ٹیم کو بڑادھچکا

Sep 14, 2025 | 08:37:AM
ایشیا کپ کاہائی وولٹیج ٹاکرا، شائقین کا جوش و جذبہ آسمان پر ، میچ سے قبل بھارتی ٹیم کو بڑادھچکا
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)ایشیا کرکٹ کپ کا ہائی وولٹیج ٹاکرا آج ہوگا، روایتی حریف پاکستان اور بھارت آمنے سامنے ہوں گے،میچ شام ساڑھے7بجے شروع ہوگا،فینزکاجوش وجذبہ بھی آسمان پرپہنچ گیا،فاتح ٹیم سپر فور میں رسائی حاصل کر لے گی۔
 
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بھارت ایشیا کپ میں آج دبئی کرکٹ سٹیڈیم پر مدمقابل ہوں گے، رواں سال جنگ کے بعد روایتی حریفوں کا یہ پہلا مقابلہ ہے۔ 

ایونٹ کا میزبان بی سی سی آئی یو اے ای میں مقابلوں کا انعقاد کر رہا ہے،حکام پر گرین شرٹس سے میچ کا بائیکاٹ کرنے کیلیے خاصا دباؤ تھا جسے نظرانداز کرتے ہوئے ٹیم میدان میں اتر رہی ہے۔ 

نان ایشوز کو میڈیا کی جانب سے اچھالے جانے کی وجہ سے بھارتی کرکٹرز پر خاصا دباؤ ہوگا، دونوں ٹیموں نے ایونٹ کا کامیاب آغاز کیا، پاکستان نے عمان کو 67 پر آؤٹ کرتے ہوئے 93 رنز سے آسان فتح کوگلے لگایا۔

دوسری جانب بھارتی کرکٹ ٹیم کے نوجوان اوپننگ بلے باز شبھمن گل پریکٹس کے دوران زخمی ہوگئے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شبھمن گل نیٹ پریکٹس کر رہے تھے کہ ایک تیز گیند ان کے ہاتھ پر جا لگی، جس کے باعث وہ فوری طور پر تکلیف میں مبتلا ہو گئے۔

 ٹیم کے فزیو اور میڈیکل سٹاف نے فوری طور پر ان کا معائنہ کیا اور انہیں مزید چیک اپ کیلئے ہسپتال بھیج دیا گیا ہے تاکہ انجری کی نوعیت کا درست اندازہ لگایا جا سکے۔

شبھمن گل بھارتی ٹیم کے لیے انتہائی اہم کھلاڑی تصور کیے جاتے ہیں، بھارتی شائقین کرکٹ کو پاکستان کیخلاف آج کے میچ میں ان سے بڑی توقعات وابستہ ہیں، اس انجری کے بعد ٹیم مینجمنٹ اور مداحوں میں بے چینی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

شبھمن گل پاکستان کیخلاف ہائی وولٹیج میچ میں میدان میں اتریں گے یا نہیں ؟فی الحال اس کا فیصلہ نہیں ہوسکا۔

واضح رہے کہ شبھمن گل نے گزشتہ چند برسوں میں اپنی شاندار کارکردگی سے بھارتی ٹیم میں مستقل جگہ بنائی ہے، وہ ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی تینوں فارمیٹس میں بھارتی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہیں اور ان کا شمار مستقبل کے بڑے بلے بازوں میں کیا جا رہا ہے۔

ادھر بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے تاحال شبھمن گل کی انجری سے متعلق کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا،شائقین کرکٹ اور تجزیہ کاروں کی نظریں اب بی سی سی آئی کی جانب سے آنے والے باضابطہ اعلان پر مرکوز ہیں۔

ہدف صرف بھارت کےخلاف فتح نہیں بلکہ ٹرافی جیتناہے۔اوپنر صائم ایوب کہتےہیں بھارت سمیت ہرٹیم کیخلاف کسی خوف کےبغیرکھیلیں گے،ٹیم کوجتوانا سب سےبڑا چیلنج ہے۔ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نےبھی دبئی کی وکٹ کو بیٹنگ کیلئے بہتر قرار دیدیا۔