پاکستان نرسنگ کونسل کی صدر فرزانہ ذوالفقار کی تعیناتی کالعدم قرار
Stay tuned with 24 News HD Android App
(احتشام کیانی ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان نرسنگ اینڈ مڈ وائفری کونسل کی صدر فرزانہ ذوالفقار کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دےدیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے 30 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کیاہے جس میں عدالت نے جواد امین خان کو صدر اور شاہد حسین کو پاکستان نرسنگ کونسل کے نائب صدر کے عہدے پر بحال کرنے کا حکم دیا ہے،جواد امین خان کو نگران دور حکومت میں پاکستان نرسنگ اینڈ مڈ وائفری کونسل کے صدر کے عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا ہےکہ نگران حکومت کے اختیارات کے حوالے سے سپریم کورٹ کا فیصلہ موجود ہے جبکہ الیکشن ایکٹ 2017 میں بھی نگران حکومت کے کام کی وضاحت کی گئی ہے، پٹیشنرز کو وزیراعظم اور وفاقی کابینہ کی منظوری سے تعینات کیا گیا تھا، وفاقی کابینہ کی منظوری کے بغیر پٹیشنرز کو ڈی نوٹیفائی کرنا سپریم کورٹ کے فیصلے کی بھی خلاف ورزی ہے۔
عدالت نے تحریری فیصلے میں کہا ہے کہ ڈی نوٹیفائی کرنے سے قبل درخواست گزاروں کو کوئی شوکاز دیا گیا اور نہ ہی ان کیخلاف کوئی انکوائری کی گئی، ایسی کوئی دستاویز بھی ریکارڈ پر نہیں لائی گئی جس کی بنیاد پر پٹیشنرز کو عہدوں سے ہٹایا گیا ہو۔
یہ بھی پڑھیں:فلیٹس اور گھر کی خریداری پر ٹیکس کریڈٹ کی سکیم متعارف
عدالت نے حکم دیا ہے کہ ایک ہفتے کے اندر جواد امین خان کو صدر اور شاہد حسین کو نائب صدر کے عہدوں پر بحال کیا جائے جبکہ فریقین فیصلے پر عملدرآمد کر کے رپورٹ ایڈیشنل رجسٹرار جوڈیشل کے پاس جمع کرائیں۔