تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
( 24 نیوز ) ملک کے مختلف شہروں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ۔
اسلام آباد، کے پی، پنجاب اور مری سمیت مختلف علاقوں میں بارش اور تیز ہواؤں نے موسم کو خوشگوار بنا دیا، اسلام آباد میں ہلکی بارش سے گرمی کی شدت میں کمی آئی، جبکہ مالم جبہ میں 10 ملی میٹر، کالام میں 8 اور چترال میں 3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
لاہور کے مختلف علاقوں میں تیز ہوائیں چلنے کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا جس سے شہریوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے تاہم لاہور کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔
ملکہ کوہسار مری میں بھی موسلادھار بارش ہوئی ،بارش اور ہواؤں کے باعث گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔
یہ بھی پڑھیں:اسرائیلی جارحیت ناقابل قبول، ایران کو دفاع کا پورا حق حاصل ہے: پاکستان
ویک اینڈ کے باعث مری میں سیاحوں کا رش بڑھنے لگا۔ گرمی کے ستائے سیاحوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے، سیاحوں نے بھیگے موسم میں مال روڈ پر سیر سپاٹے کیے۔
پنجاب کے شہر پھالیہ میں بھی شہر اور گردونواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی۔ فیروزوالا میں بھی شہر اور گردونواح میں تیز ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے۔
تاہم تیز ہواؤں کے باعث مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوئی۔ شیخوپورہ شہر اور گردو نواح میں تیز ہوائیں چلیں جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔
لالیاں شہر اور گردونواح میں بھی تیز آندھی کے باعث متعدد فیڈرز ٹرپ کر گئے۔
یہ بھی پڑھیں: موبائل فون کی بیٹری 100 فیصد تک چارج،’’خبردار ہو جائیں‘‘
علاوہ ازیں محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا، شمال مشرقی/ جنوبی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ آندھی، تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے دیگر جنوبی علاقوں میں موسم شدیدگرم اور خشک رہنے کے علاوہ تیز اور گردآلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔