اداکار کیفر سدرلینڈرائیڈ ہیل ڈرائیور سے مبینہ بدسلوکی کے الزام میں گرفتار
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)ہالی ووڈ کے معروف اداکار کیفر سدرلینڈ کو پولیس کے مطابق ایک رائیڈ ہیل ڈرائیور پر مبینہ حملے اور مجرمانہ دھمکیاں دینے کے الزام میں پیر کی صبح گرفتار کر لیا گیا۔
لاس اینجلس پولیس ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ آدھی رات کے فوراً بعد ہالی ووڈ ہلز کے جنوب میں ایک چوراہے پر حملے کی اطلاع موصول ہوئی۔ پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق کیفر سدرلینڈ ایک رائیڈ ہیل گاڑی میں داخل ہوئے، ڈرائیور پر جسمانی حملہ کیا اور مبینہ طور پر اسے مجرمانہ دھمکیاں دیں،پولیس کے مطابق ڈرائیور کو طبی امداد کی ضرورت پیش نہیں آئی۔
جیل ریکارڈ کے مطابق سدرلینڈ کو گرفتار کرنے کے بعد 50 ہزار ڈالر کے ضمانتی مچلکوں پر چند گھنٹوں بعد رہا کر دیا گیا،ان کی پہلی پیشی عدالت میں 2 فروری کو متوقع ہے،اداکار کے نمائندوں کو تبصرے کے لیے بھیجی گئی ای میل کا تاحال کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ کیفر سدرلینڈ قانونی مسائل کا سامنا کر رہے ہوں،2007 میں وہ نشے میں گاڑی چلانے کے الزام پر نو کانٹیسٹ کی درخواست کے بعد جیل جا چکے ہیں جبکہ 2004 میں بھی اسی نوعیت کے جرم میں سزا پا چکے ہیں، 1990 کی دہائی سے ان پر الکحل سے متعلق متعدد گرفتاریاں بھی ہو چکی ہیں۔
برطانوی نژاد کینیڈین اداکار کیفر سدرلینڈ کو سب سے زیادہ شہرت فاکس ٹی وی سیریز ’’24‘‘ میں وفاقی ایجنٹ جیک باؤر کے کردار سے ملی۔ اس کے علاوہ انہوں نے ”دی لاسٹ بوائز“،ینگ گنز اور ہدایتکار روب رائنر کی فلموں اسٹینڈ بائے می، اور اے فیو گڈ مین میں بھی اداکاری کی،وہ معروف اداکار ڈونلڈ سدرلینڈ کے صاحبزادے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : رجب بٹ کی پرانی تصاویر وائرل، صارفین کے دلچسپ تبصرے