پنجاب اسمبلی،ملازمین کی تقرری عمر بڑھانے کی قرارداد منظور ،8 نئے بل پیش
Stay tuned with 24 News HD Android App
(رائو دلشاد) پنجاب اسمبلی میں ملازمین کی تقرری کی عمر بڑھانے سے متعلق قرارداد منظور کر لی گئی، پنجاب اسمبلی اجلاس میں 8 نئے بل پیش کر دئیے گئے ۔
تفصیلات کے مطابق ملازمین کی تقرری کی عمر بڑھانے سے متعلق قرارداد رکن اسمبلی امجد علی جاوید نے پیش کی تھی، متعلقہ محکمہ کی طرف سے طویل وقت سے جواب نہ آنے پر اسمبلی میں بذریعہ رائے قرارداد منظور کر لی گئی۔ قرار داد کے متن میں کہا گیا تھا کہ ایوان کی رائے ہے کہ ملک کے دیگر صوبہ جات کی طرح پنجاب میں بھی صوبہ کے انتظامی افسران ( پروانشل مینجمنٹ سروس) کا انتخاب پبلک سروس کمیشن کے ذریعے کیا جاتا ہے،پنجاب پبلک سروس کمیشن کے مقرر کردہ معیار کے مطابق عمر کی حد 30 سال اور تین کوششیں کرنے کی اجازت ہے، جبکہ صوبہ خیبر پختو نخوا اور گلگت بلتستان نے کوششوں کی تعداد تین سے پانچ اور عمر کی حد کو 45 سال تک کر دیا ہے۔
اس کے علاوہ پنجاب اسمبلی اجلاس میں 8 نئے بل پیش کر دئیے گئے ہیں اور نئے بل متعلقہ کمیٹی کے حوالے کردیئے گئے، کمیٹی 2 ماہ میں رپورٹ پیش کرے گی۔رکن اسمبلی امجد علی جاوید نے پنجاب کمیونٹی جسٹس (پنچایت) بل 2025 پیش کیا،رکن اسمبلی ایاز احمد نے پنجاب کے دہشتگردی کے متاثرین شہریوں کی بحالی (ترمیمی) بل 2025 ایوان میں پیش کیا،اسماء احتشام الحق نے پنجاب خواتین کے وراثت کے حقوق کے نفاذ کا بل 2025 ،رکن اسمبلی امجد علی جاوید پنجاب ماں بولی بل 2025 اور پنجاب رجسٹریشن پرائیویٹ اکیڈمی کوچنگ/ٹیوشن سینٹرز بل 2025 ایوان میں پیش کیا۔
یہ بھی پڑھیں:سرکاری ملازمین کیلئے اچھی خبر،چھٹیاں لے کر موجیں کریں