خیبرپختونخوا: باجوڑ میں کرفیو ختم، معمولات زندگی بحال، بازار کھل گئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ میں عام کرفیو ختم کردیا گیا، مخصوص علاقوں میں کرفیو بدستور نافذ ہے۔
حکام نے بتایا ہے کہ باجوڑ میں خار، ناواگئی، عنایت کلے اور دیگر علاقوں سے کرفیو اٹھا لیا گیا ہے، جس کے بعد معمولات زندگی بحال ہونا شروع ہوگئے ہیں، تمام بازار اور تجارتی مراکز کھل گئے ہیں۔
ضلع بھر میں عام کرفیو کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا تھا، روزمرہ ضرورت کی اشیا تک عوام کی رسائی محدود ہوگئی تھی، جس کے بعد مقامی عمائدین نے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔
یاد رہے کہ ضلع کے شورش زدہ علاقوں میں شدت پسندوں کی افغانستان واپسی کے لیے مقامی عمائدین نے ان سے مذاکرات کیے تھے، بات چیت کے 7 ادوار میں عمائدین کی جانب سے کوئی پیشرفت نہیں کی جاسکی، یوں یہ مذاکرات ناکام ہوگئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد: یوم آزادی پر شکر پڑیاں پریڈ گراؤنڈ میں دفاعی سازوسامان کی شاندار نمائش
سیکیورٹی فورسز کی جانب سے مخصوص علاقوں میں ’آپریشن سربکف‘ کا دوبارہ آغاز کر دیا گیا تھا، اس دوران ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پورے ضلع میں کرفیو نافذ کیا گیا تھا، تاہم آج عام کرفیو کا نفاذ واپس لے لیا گیا ہے، جس کے بعد صرف آپریشن کا ہدف بننے والے علاقوں میں کرفیو برقرار رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔