خون جما دینے والی سردی نے لوگوں کو گھروں تک محدود کر دیا،شدید دھند سےموٹرویز بند
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز )ملک بھر میں خون جمادینے والی سردی نے لوگوں کو گھروں تک محدود کر دیا ، سندھ ،پنجاب اورخیبرپختونخوا میں دھندکاراج ،موٹرویزکے مختلف سیکشنزٹریفک کیلئے بند کر دئیے گئے ۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر سردی کی شدید لہر نے شہریوں کو گھروں تک محد دود کر دیا ، شدید دھند کے باعث موٹرویزکےمختلف سیکشنز کوٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا ۔
موٹروے ایم ٹوٹھوکرنیازبیگ سے کوٹ مومن ،ایم تھری فیض پورسے درخانہ تک بند ہے ،ایم فورشیرشاہ سے فیصل آباد،لاہورسیالکوٹ موٹروے ایم 11 پربھی ٹریفک معطل ہے ۔
سکردومیں پارہ منفی 14ڈگری تک گرگیا
دوسری جانب سکردومیں پارہ منفی 14ڈگری تک گرگیا۔آزادی کشمیر کی وادی لیح میں پارہ منفی 13اوراستورمیں منفی 11ڈگری سینٹی گریڈ رہا ۔
بارش اور برفباری کی پیشگوئی
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے جیوانی، پسنی، اورماڑہ، کیچ اور تربت میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کا الرٹ
دوسری جانب پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ راولپنڈی، مری، گلیات، پوٹھوہار ریجن میں شدید سردی کے ساتھ برفباری کے امکانات ہیں۔
صدی کی شدید ترین سردی اور غیر معمولی برفباری سے متعلق محکمہ موسمیات کی تردید
ملک میں صدی کی شدید ترین سردی اور غیر معمولی برفباری سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کو محکمہ موسمیات نے بے بنیاد قرار دیتے ہوئے سختی سے تردید کر دی ہے۔
ڈی جی محکمہ موسمیات صاحبزاد خان کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی تمام خبریں من گھڑت اور حقائق کے منافی ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ آئندہ دنوں میں ملک بھر میں موسم معمول کے مطابق رہے گا اور ایسی کوئی غیر معمولی یا ریکارڈ توڑ سردی متوقع نہیں۔
ڈی جی محکمہ موسمیات کے مطابق موجودہ موسمی صورتحال عام سردیوں کے عین مطابق ہے اور عوام کو افواہوں پر کان دھرنے کے بجائے صرف سرکاری اور مستند ذرائع سے جاری کردہ موسمی پیشگوئیوں پر اعتماد کرنا چاہیے۔
محکمہ موسمیات نے عوام سے اپیل کی ہے کہ سوشل میڈیا پر غیر مصدقہ معلومات پھیلانے سے گریز کریں تاکہ بلا وجہ خوف و ہراس پیدا نہ ہو۔
خیال رہے کہ سوشل میڈیا پر ایک خبر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ 16 سے 25 جنوری کے دوران ملک بھر میں گزشتہ 100 سال کی بدترین سردی پڑنے جا رہی ہے۔