شکست تسلیم۔؟۔۔ افغان حکومت نے طالبان کو شراکت اقتدار کی پیشکش کردی

Aug 12, 2021 | 19:46:PM
شکست تسلیم۔؟۔۔ افغان حکومت نے طالبان کو شراکت اقتدار کی پیشکش کردی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24نیوز)افغانستان میں طالبان نے پیش قدمی جاری رکھتے ہوئے صوبہ غزنی کے دارالحکومت غزنی کا کنٹرول سنبھال لیا اورصورتحال میں افغان حکومت نے طالبان کو شراکت اقتدار کی پیشکش کر دی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اہم حکومتی ذرائع کے مطابق ملک میں بڑھتے ہوئے تشدد کو روکنے کے لئے افغان حکومت نے طالبان کو شراکت اقتدار کی پیشکش کی ہے۔رپورٹ کے مطابق اقتدار میں شراکت کی یہ پیشکش قطر کے ذریعے کی گئی ہے جو افغان امن مذاکرات کی میزبانی بھی کررہا ہے۔موجودہ صورتحال میں ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اشرف غنی کی حکومت طالبان کے بڑھتے قدموں سے پریشان ہے اور حکومت نے اپنی شکست کا احساس کر لیا ہے۔
ادھر قطر میں جاری مذاکرات کا تیسرا اور آخری دن شروع ہو گیا تاہم اب تک ہونے والے مذاکرات میں کسی بھی قسم کی پیشرفت نہیں ہوئی البتہ افغان حکومت کے نمائندے اس حوالے سے پیشرفت کے لئے پرامید ہیں۔ان مذاکرات میں افغانستان اور طالبان کے نمائندوں کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ، پاکستان، ازبکستان، امریکا، برطانیہ، چین اور یورپی یونین کے سفارتی حکام بھی شریک ہیں۔
ادھرصوبہ ہلمند کے دارالحکومت لشکرگاہ میں لڑائی عروج پر ہے اور طالبان نے وہاں کے پولیس ہیڈ کوارٹر زپر قبضہ کر لیا ہے اور وہاں موجود پولیس اہلکاروں نے ہتھیار ڈال دئیے ہیں۔دوسری جانب طالبان نے کابل سے صرف 150 کلومیٹر کے فاصلے پر افغانستان کے اسٹریٹجک شہر غزنی کا کنٹرول حاصل کرلیا۔یہ شہر ایک ہفتے میں طالبان کے قبضے میں آنے والا 10 واں صوبائی دارالحکومت ہے جو اہم کابل-قندھار شاہراہ کے ساتھ واقع ہے اور دارالحکومت اور جنوب میں طالبان کے گڑھ کے درمیان ایک گیٹ وے کے طور پر کام کرتا ہے۔
صوبہ میدان ورک میں غزنی کے گورنر کو بھی طالبان نے گرفتار کر لیا ہے جہاں اس سے قبل ان کے صوبے سے فرار ہونے کی ویڈیو منظر عام پر آئی تھی۔واضح رہے کہ افغان تنازع مئی سے ڈرامائی طور پر بڑھ گیا ہے جب امریکی قیادت میں بین الاقوامی افواج نے 20 سال کے قبضے کے بعد رواں ماہ کے آخر میں فوجی دستوں کی واپسی کا آخری مرحلے کا آغاز کردیا ہے۔غزنی کے بعد ممکنہ طور پر ملک کی پہلے سے دباو¿ کا سامنا کرنے والے فضائیہ پر مزید دباؤپڑے گا جو افغانستان کی بکھرے ہوئے سکیورٹی فورسز کو مضبوط بنانے کے لئے ضروری ہے۔ایک ہفتے سے بھی کم عرصے میں طالبان نے 10 صوبائی دارالحکومتوں پر قبضہ کر لیا ہے اور اب شمال کے سب سے بڑے شہر مزار شریف کے روایتی طالبان مخالف گڑھ کو گھیرے میں لے لیا ہے۔
بدھ کی رات طالبان نے قندھار میں جیل پر قبضہ کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا تھا کہ طویل محاصرے کے بعد جیل کو مکمل طور پر فتح کرلیا گیا ہے اور اس میں سے سینکڑوں قیدیوں کو رہا کر کے محفوظ مقام پر پہنچا دیا گیا۔طالبان اکثر جیلوں کو نشانہ بناتے ہیں تاکہ قید جنگجوؤ ں کو رہا کیا جائے اور ان کی صفوں کو بھرا جاسکے۔
 یہ بھی پڑھیں۔شلپا شیٹھی تین دن کے اندر جواب دو ورنہ۔۔ پولیس کا نوٹس