ماریا کورینا مچادو نے امن کا نوبیل انعام امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نام کردیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)وینزویلا کی جمہوریت پسند اپوزیشن رہنما ماریا کورینا مچادو نے امن کا نوبیل انعام وینزویلا کے عوام اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نام کردیا۔
ماریا مچادو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر لکھاہے کہ یہ وینزویلا کے عوام کی جدوجہد کا اعتراف ہے، یہ ہماری مہم کو اس کے آخری مرحلے یعنی آزادی تک پہنچانے کے لیے ایک حوصلہ افزا پیش رفت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم فتح کی دہلیز پر کھڑے ہیں، اور آج پہلے سے کہیں زیادہ ہمیں صدر ٹرمپ، امریکا کے عوام، لاطینی امریکا کی قوموں اور دنیا کی جمہوری ریاستوں کی مکمل حمایت حاصل ہے جو آزادی اور جمہوریت کے قیام کے لیے ہمارے اصل اتحادی ہیں۔
ماریامچادو نے کہا کہ میں یہ انعام وینیزویلا کے مصیبت زدہ عوام اور صدر ٹرمپ کے نام کرتی ہوں جنہوں نے ہماری جدوجہد میں فیصلہ کن کردار ادا کیا۔
ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں نوبیل انعام کمیٹی کے چیئرمین یوئرگن واٹنے فریدنس نے گزشتہ روز ماریا کورنیا مچادو کے لیے نوبیل امن انعام کا اعلان کرتے ہوئے کہاتھا کہ انہیں وینزویلا کے عوام کے جمہوری حقوق کے فروغ کے لیے انتھک جدوجہد اور آمریت سے جمہوریت کی جانب پرامن اور منصفانہ انتقالِ اقتدار کی کوششوں پر یہ انعام دیا جا رہا ہے۔
رواں سال ٹائم میگزین نے بھی ماریامچادوکو دنیا کی 100 بااثر شخصیات کی فہرست میں شامل کیاتھا۔
یہ بھی پڑھیں: سرکاری ملازمین کے ہاؤسنگ رینٹ میں 85 فیصد اضافے کا فیصلہ
واضح رہے کہ نوبیل انعام کے ساتھ ایک سونے کا تمغہ، ایک ڈپلومہ اور 12 لاکھ ڈالر کی رقم شامل ہے، ایوارڈ کی تقریب 10 دسمبر کو اوسلو میں منعقد ہوگی جو انعام کے بانی سویڈش موجد اور سماجی کارکن الفریڈ نوبیل کی 1896 میں وفات کی برسی ہے۔
نوبیل انعامات میں سے امن کا انعام اوسلو میں دیا جاتا ہے، جبکہ دیگر شعبوں کے انعامات اسٹاک ہوم میں دیئےجاتے ہیں۔
ماریاکورینا مچادو نوبیل امن انعام حاصل کرنے والی وینزویلا کی پہلی اور لاطینی امریکا سے تعلق رکھنے والی چھٹی شخصیت ہیں، اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر نے ماریا کورینا مچادو کو انعام دیئے جانے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ وینیزویلا کے عوام کی آزاد اور منصفانہ انتخابات کی واضح خواہشات کا اعتراف ہے۔