لندن میں خودکار گاڑی کی عجیب حرکتیں، شہری پریشان

May 11, 2026 | 14:34:PM
لندن میں خودکار گاڑی کی عجیب حرکتیں، شہری پریشان
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک )برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں خود چلنے والی ایک گاڑی نے شہریوں کو اس وقت حیران اور پریشان کر دیا جب وہ ایک ہفتے میں تین مرتبہ رات کے وقت بند گلی میں جا پھنسی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی کمپنی Waymo کی ڈرائیور لیس گاڑی صبح تقریباً 4 بجے ایک تنگ گلی میں داخل ہوئی اور آگے راستہ بند ہونے پر واپس نکلنے کی کوشش کرتی رہی، جس سے شور پیدا ہوا اور قریبی رہائشیوں کی نیند متاثر ہوئی۔

لندن کے رہائشی Chris نے اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی جس میں سفید رنگ کی خودکار SUV گاڑی کو آہستہ آہستہ ریورس کرتے اور فٹ پاتھ پر چڑھتے دیکھا جا سکتا ہے۔ حیران کن بات یہ ہے کہ چند روز بعد یہی واقعہ مزید دو مرتبہ پیش آیا۔

رپورٹس کے مطابق Waymo اس وقت لندن میں اپنی خودکار ٹیکسی سروس کی آزمائش کر رہی ہے۔ کمپنی کی گاڑیاں جدید سینسرز، کیمروں اور لیزر ٹیکنالوجی کے ذریعے بغیر ڈرائیور چلنے کی صلاحیت رکھتی ہیں، تاہم ٹیسٹنگ کے دوران حفاظتی ڈرائیور بھی گاڑی میں موجود ہوتا ہے۔

متاثرہ شہریوں کا کہنا ہے کہ گاڑیاں بند گلی کے اختتام پر جا کر رک جاتی ہیں اور پھر کافی دیر تک راستہ تلاش کرتی رہتی ہیں، جس سے رات کے وقت شور اور پریشانی پیدا ہوتی ہے۔

یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حالیہ ہفتوں میں Waymo کی گاڑیاں لندن میں دیگر متنازع واقعات کا بھی حصہ بن چکی ہیں، جن میں ایک گاڑی کا کرائم سین میں داخل ہونا بھی شامل ہے۔

کمپنی نے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں کی شکایات کے بعد اس مخصوص گلی میں گاڑیوں کی رسائی محدود کر دی گئی ہے تاکہ آئندہ ایسے واقعات دوبارہ پیش نہ آئیں۔