عازمینِ حج کیلیے ہم وطن طبی عملہ کسی نعمت سے کم نہیں:وزیرمذہبی امور

سردار محمد یوسف نے پاکستان حج مشن ہسپتال کا دورہ کیا،اوردستیاب طبی سہولتوں کاجائزہ لیا

May 11, 2025 | 13:43:PM
عازمینِ حج کیلیے ہم وطن طبی عملہ کسی نعمت سے کم نہیں:وزیرمذہبی امور
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)وفاقی وزیرمذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہاہے کہ سعودی عرب میں پاکستانی عازمینِ حج کے لیے ہم وطن اور ہم زبان طبی عملہ کا انتظام کسی نعمت سے کم نہیں۔

وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے پاکستان حج مشن ہسپتال کا دورہ کیا،اس موقع پر ڈی جی حج عبدالوہاب سومرو، چیف کوآرڈینیٹر حج ڈاکٹر مرزا علی محسود، ڈائریکٹر حج مکہ عزیز اللہ خان اور کوآرڈینیٹر مکہ ذوالفقار خان بھی موجود تھے۔

 پاکستان حج میڈیکل مشن کے سربراہ کرنل ڈاکٹر شہیر جمال نے وفاقی وزیر مذہبی امور کو ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کروایا، وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے دستیاب طبی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے طبی عملہ کو تمام تر طبی ضروریات کو احسن طریقہ سے پورا کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ 

ڈی جی حج عبدالوہاب سومرو نے بتایا کہ ہسپتال کے قیام اور ادویات و طبی آلات کی سعودی عرب منتقلی میں سعودی وزارت حج و عمرہ اور وزارت صحت کی بھرپور معاونت حاصل رہی  جبکہ روز مرہ کے امور کے لیے سعودی جرمن ہسپتال پاکستان حج میڈیکل مشن کی براہ راست معاونت کر رہا ہے۔

 یہ بھی پڑھیں:فضائی حدودکھلنے کے بعدحج فلائٹ آپریشن مکمل طورپر بحال

 کرنل ڈاکٹر شہیر جمال نے بتایا کہ پاکستان حج میڈیکل مشن 2025 سول اور فورسز سے تعلق رکھنے والے 303 ڈاکٹرز اور پیرا میڈکل سٹاف پر مشتمل ہے، ان میں میڈیکل سپیشلسٹ، سرجن، امراض قلب ، ماہر امراض ہڈی و جوڑ، گائنی ، ماہر امراض جلد ، ماہر امراض ناک کان گلہ،ماہر نفسیات، فارماسسٹ ،پبلک ہیلتھ سپیشلسٹ اور فزیوتھراپسٹ شامل میں ان میں 72 لیڈی ڈاکٹرز اور لیڈی ہیلتھ ورکرز شامل ہیں۔

 مرکزی ہسپتال میں مرد و خواتین کے لیے 30 بستروں پر مشتمل الگ الگ وارڈز قائم ہیں جبکہ دیگر شعبہ جات میں ایمرجنسی، آئسولیشن وارڈ، فارمیسی، پیتھالوجی، مائنر او ٹی،دندان ، ریڈیالوجی وغیرہ کام کر رہے ہیں۔ مکہ مکرمہ میں 9 فیلڈ ڈسپنسریاں موجود ہیں جنہیں 9 ایمولینس گاڑیوں کی معاونت حاصل ہے۔ مدینہ منورہ میں بھی 11 بستروں پر مشتمل ایک چھوٹا ہسپتال اور دو فیلڈ ڈسپنسریاں کام کر رہی ہیں، اگر کسی مریض کی طبیعت زیادہ خراب ہو تو سعودی ہسپتالوں میں ریفر کرنے کی سہولت بھی موجود ہے جہاں ضیوف الرحمن کا بہترین علاج کیا جاتا ہے۔