صحافی پر تشدد کا واقعہ، بیرسٹر گوہر نے صحافیوں سے معذرت کرلی

Sep 10, 2025 | 16:04:PM
 صحافی پر تشدد کا واقعہ، بیرسٹر گوہر نے صحافیوں سے معذرت کرلی
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)اڈیالا جیل کے باہر صحافی پر پی ٹی آئی کارکنان کے مبینہ تشدد کے واقعے پر چیئرمین  تحریک انصاف  بیرسٹر گوہر خان نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے معذرت کر لی۔

 میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ جو کچھ ہوا وہ غلط تھا اور قابلِ مذمت ہے، اختلافِ رائے جمہوری عمل کا حصہ ہے لیکن اختلاف کو تشدد تک لے جانا کسی طور درست نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ایک پرامن جماعت ہے جو کسی قسم کے تشدد پر یقین نہیں رکھتی اور نہ ہی پارٹی کسی کارکن کو ایسے اقدامات پر اکسا سکتی ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کرائی جائیں گی تاکہ حقائق سامنے آ سکیں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ پارٹی سطح پر اس واقعے کی انکوائری ہوگی تاکہ ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔

بیرسٹر گوہر نے اس موقع پر واضح کیا کہ عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی فیملیز کے کوئی سیاسی مقاصد نہیں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:مریم نواز کا ملتان اور جلال پور پیر والا کا فضائی جائزہ، سیلاب متاثرہ علاقوں کا مشاہدہ

انہوں نے مزید کہا کہ علیمہ خان پر انڈا پھینکنے اور صحافیوں پر تشدد کے واقعات افسوسناک ہیں، ایسے رویے تحریک انصاف کے منشور اور نظریے کے خلاف ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں گوہر خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور افغان حکومت سے ضرور بات کرتے، مگر ان کا پاسپورٹ گزشتہ تین برس سے بلاک ہے جس کی وجہ سے وہ سفر نہیں کر سکتے۔

واضح رہے کہ دو روز قبل اڈیالا جیل کے باہر علیمہ خان کی میڈیا سے گفتگو کے دوران پی ٹی آئی کارکنوں نے مبینہ طور پر صحافیوں پر تشدد کیا تھا، جس کے بعد متاثرہ صحافی نے علیمہ خان، وکیل نعیم پنجوتھہ اور 40 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا۔