ذائقے سے بھرپور اسٹرابیری کے حیران کن طبی فوائد

Sep 10, 2022 | 16:34:PM
ذائقے سے بھرپور اسٹرابیری کے حیران کن طبی فوائد
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) آپ کی سلاد، دلیہ یا پھر کھانے میں شامل خوش ذائقہ اسٹرابیری کا ایک اور فائدہ سامنے آیا ہے کہ اب یہ دماغ کی بھی دوست ثابت ہوئی ہے اور بالخصوص الزائیمر کی وجہ بننے والے ٹاؤ پروٹین میں اضافے کو روکتی ہے۔

شکاگو کی رش یونیورسٹی سے وابستہ الزائیمر تحقیقی مرکز کے سائنس دانوں نے اسٹرابیری میں پیلارگونائڈن نامی مرکب دریافت کیا ہے جو دماغ میں ٹاؤ پروٹین بننے سے روکتا ہے۔ یہ پروٹین گچھوں کی صورت جمع ہوکر دماغ کی فکری اور اکتسابی صلاحیت کو شدید متاثر کرتا ہے۔

   تحقیق سے وابستہ جولی شنائیڈر کہتی ہیں کہ اسٹرابیری کا مرکب پیلارگونائڈن مجموعی طورپر دماغی سوزش (انفلیمیشن) کم کرتا ہے۔ اس سے سائٹوکائن نامی پروٹین کی پیداوار بھی کم ہوتی ہے جو سوزش کی وجہ بنتی ہے۔ اس طرح بزرگ افراد میں الزائیمر کے حملے کو روکا جاسکتا ہے یا کم ازکم اسے سست ضرور کیا جاسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: جنت کا پھل انار کھانے کے یہ فوائد آپ جانتے ہیں؟

ماہرین کے مطابق تمام بیریوں میں واحد اسٹرابیری ہے جس میں پیلارگونائڈن کی سب سے زائد مقدار پائی جاتی ہے۔ سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ اس ضمن میں مزید تحقیق کی ضرورت ہوگی لیکن اگر یہ بات ثابت ہوجاتی ہے تو اسٹرابیری جیسے عام پھل سے الزائیمر جیسی تکلیف دہ اور مشکل بیماری کو قابو کرنے میں کچھ مدد ضرور مل سکے گی۔

اس ضمن میں مسلسل 20 برس تک 575 افراد کا جائزہ لیا گیا اور معلوم ہوا کہ اسٹرابیری کھانے سے ٹاؤ پروٹین واقعی کم ہوتا ہے۔ اس مضرپروٹین کی کمی اور اندرونی سوزش کم ہونے سے دماغ توانا رہتا ہے اور الزائیمر جیسے امراض کو دور رکھا جاسکتا ہے۔