سپرہٹ فلم’’ دی لیجنڈ آف مولا جٹ ‘‘ چینی سینما گھروں میں ریلیز ہوگی 

 فلم میں فواد خان، حمزہ علی عباسی، ماہرہ خان اور حمائمہ ملک نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں 

May 10, 2026 | 14:50:PM
 سپرہٹ فلم’’ دی لیجنڈ آف مولا جٹ ‘‘ چینی سینما گھروں میں ریلیز ہوگی 
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (ویب ڈیسک) معروف ہدایتکار بلال لاشاری اور نامور فلم پروڈیوسر عمارہ حکمت کی سپر ہٹ فلم’’ دی لیجنڈ آف مولا جٹ ‘‘ 21 مئی 2026 کو چین کے سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔
 فلم کی چین میں نمائش کی خبر سامنے آنے کے بعد پاکستانی شوبز حلقوں اور فلمی شائقین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے، فلم کی پروڈیوسر عمارہ حکمت نے اس خبر کو اپنے انسٹاگرام پیج پر پوسٹ کیا جس میں انہوں نے فلم ڈسٹری بیوٹر ندیم مانڈوی والا کی کاوش کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔

’’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘‘ پاکستان سمیت دنیا بھر میں شاندار کامیابی حاصل کرچکی ہے اور باکس آفس پر ریکارڈ بزنس کرنے والی پاکستانی فلموں میں سرفہرست ہے، فلم نے اپنی منفرد کہانی، شاندار سینماٹوگرافی، جدید ایکشن مناظر اور عالمی معیار کی پروڈکشن کے باعث بین الاقوامی سطح پر بھی بے حد پذیرائی حاصل کی،اس فلم میں معروف اداکار فواد خان، حمزہ علی عباسی، ماہرہ خان اور حمائمہ ملک نے مرکزی کردار ادا کیے جبکہ فلم کے کرداروں اور ڈائیلاگز کو شائقین کی جانب سے بے حد پسند کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: میں ایک ادھوری روح اور ادھورے پن کا اپنا ہی مزہ ہے؛صباقمر
فلمی ماہرین کے مطابق چین کا فلم کوٹہ سسٹم دنیا کے سب سے سخت اور ایکسکلوسیو فلم کوٹہ سسٹمز میں شمار کیا جاتا ہے جہاں ہر سال محدود غیر ملکی فلموں کو ہی ریونیو شیئرنگ کوٹہ سسٹم کے تحت ریلیز کی اجازت دی جاتی ہے، اس کوٹہ میں شامل ہونے کے لیے نہ صرف مختلف ممالک بلکہ ہالی ووڈ کی بڑی فلمیں بھی سخت مقابلہ کرتی ہیں، ایسے میں ’’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘‘ کا چین کے ریونیو شیئرنگ کوٹہ سسٹم کے لیے منتخب ہونا پاکستان اور پاکستانی فلم انڈسٹری کے لیے ایک تاریخی اعزاز قرار دیا جارہا ہے، چین جیسی بڑے فلمی مارکیٹ میں پاکستانی فلم کی نمائش نہ صرف پاکستانی سینما کے عالمی معیار کا ثبوت ہے بلکہ اس سے مستقبل میں مزید پاکستانی فلموں کے لیے بین الاقوامی مارکیٹس کے دروازے بھی کھل سکتے ہیں ۔
شوبز حلقوں نے بلال لاشاری اور عمارہ حکمت کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی کامیاب فلم کی وجہ پاکستانی سینما اب بین الاقوامی مارکیٹ میں اپنی جگہ بنا رہا ہے اور یہ کامیابی پوری پاکستانی فلم انڈسٹری کے لیے باعثِ فخر ہے۔