بھارتی اداکار کا ماورا حسین کیساتھ فلم کرنے سے انکار
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)فلم ’صنم تیری قسم‘ فیم ہرش وردھن رانے نے ماورا حسین کی بھارت پر تنقیدی پوسٹ کے بعد اعلان کیا ہے کہ اگر ماورا حسین کو ’صنم تیری قسم‘ کے سیکوئل میں کاسٹ کیا گیا تو وہ اس فلم کا حصہ نہیں بنیں گے۔
جب بھارت نے رات کی تاریکی میں آپریشن سندور کا آغاز کرکے کئی نہتے اور معصوم شہریوں کو مار ڈالا تو کئی پاکستانی فنکاروں جن میں فواد خان، ماہرہ خان اور ماورا حسین نے اس کی پُرزور تنقید کی اور سوشل میڈیا پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا۔
اگرچہ بھارت میں ان فنکاروں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بلاک ہیں لیکن متعدد بھارتیوں نے ان پوسٹس کے اسکرین شاٹس ٹوئٹر اور ریڈیٹ پر شیئر کیےاور جلد ہی ان فنکاروں کو ان کے بیانات پر شدید تنقید اور طنز کا نشانہ بنایا گیا۔
ماورا حسین نے بھی بھارت کے اس بزدلانہ قدم کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا، اداکارہ ماورا حسین نے 2016 میں بالی وڈ فلم ’ صنم تیری قسم ‘ میں کام کیا تھا ، جو ریلیز کے بعد تو اتنی کامیاب نہیں ہوسکی لیکن رواں سال جب اسے ری ریلیز کیا گیا تو اس نے ریکارڈ بزنس کیا اور پھر اس کے سیکوئل بنانے کا بھی اعلان کیا گیا۔
ماورا حسین کے ساتھی اداکار ہرش وردھن رانے نے اعلان کیا کہ اگر ماورا حسین کو فلم کے سیکوئل میں کاسٹ کیا گیا تو وہ اس کا حصہ نہیں بنیں گے۔

بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدہ حالات کے دوران، ہرش وردھن رانے نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر لکھا کہ اگرچہ میں اس تجربے کے لیے شکر گزار ہوں لیکن موجودہ حالات اور میرے ملک کے خلاف دیے گئے براہِ راست بیانات پڑھنے کے بعد، میں نے فیصلہ کیا ہے کہ اگر فلم ’صنم تیری قسم پارٹ 2‘ میں پچھلی کاسٹ کو دوبارہ شامل کیا گیا، تو میں اس کا حصہ نہیں بنوں گا۔
اس کے ساتھ ہی انہوں نے ماورا حسین کی ایک پوسٹ کا اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا، جو آپریشن سندور کے متعلق تھی۔

اس پوسٹ میں ماورا حسین نے لکھا تھا کہ بھارت کے بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کرتی ہوں،معصوم شہریوں کی جانیں ضائع ہو چکی ہیں، اللہ ہمیں اپنی امان میں رکھے، پاکستان زندہ باد۔