پاکستان کی فضائی حدود کل دوپہربارہ بجے تک بند
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں پاکستان نے ملکی فضائی حدود ہر قسم کی پروازوں کے لیے عارضی طور پر بند کر دی جس کا پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کی جانب سے نوٹم بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام ایئرپورٹس پر فلائٹ آپریشن کل دن 12 بجے تک معطل رہے گا، اس سلسلے میں باضابطہ نوٹم جاری کر دیا گیا ہے۔
یہ اقدام سیکیورٹی صورتِحال اورقومی فضائی سلامتی کے تقاضوں کو مدِنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے،ملکی اور غیر ملکی تمام ایئرلائنز کو صورتحال سے آگاہ کر دیا گیا ہے،پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کے مطابق صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور پروازوں کی بحالی سے متعلق فیصلہ حالات کے مطابق کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم کے قومی و سیاسی قیادت سے رابطے، صورتحال پراعتماد میں لیا
پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نے بیان میں مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ سفر سے قبل متعلقہ ایئرلائنز سے رابطہ کر کے تازہ ترین معلومات حاصل کریں۔
واضح رہے کہ پاک بھارت کشیدگی کے بعد یہ اقدام ایک احتیاطی تدبیر کے طور پر اٹھایا گیا ہے تاکہ کسی ہنگامی یا خطرناک صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔