ثمر بلور نےن لیگ کی جانب سے 2 مخصوص خالی نشستوں پر کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے

Jul 10, 2025 | 16:37:PM
 ثمر بلور نےن لیگ کی جانب سے 2 مخصوص خالی نشستوں پر کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کو چھوڑ کر مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے والی ثمر بلور نے قومی اسمبلی کیلئے خواتین کی 2 مخصوص خالی نشستوں کیلئے مسلم لیگ (ن) کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کر ا دیئے ہیں، سابق رکن صوبائی اسمبلی جمشید مہمند کی اہلیہ نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے۔
 پشاور میں الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ثمر بلور نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے ساتھ بہت عرصہ سے بات چیت ہورہی تھی، یہ ایک رات کا فیصلہ نہیں تھا، بلکہ ایک سال سے بات چیت چل رہی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اپنے شہر کے لیے کچھ کرنا چاہتی ہوں، جو لوگ پشاور پر مسلط کیے گئے، وہ لوٹ کھسوٹ میں مصروف ہیں۔
گزشتہ روز وزیراعظم سے ملاقات کے بعد مسلم لیگ (ن) کا حصہ بننے والی ثمر بلور نے کہا کہ غلام احمد بلور ہمارے خاندان کے سربراہ ہیں، غلام احمد بلور نے عملی سیاست سے کنارہ کشی اختیار کی تو اس کے بعد ن لیگ میں شمولیت کا فیصلہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اے این پی اور اس کی قیادت میرے لیے قابل احترام ہیں، آج ہارون بلور کی برسی ہے، ہم اپنے شہدا کو دل میں لیے پھرتے ہیں۔
ثمر بلور نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کے نام پر سرکس چل رہا ہے، آئندہ انتخابات میں پشاور کے آبائی حلقے سے ہی (ن) لیگ کے ٹکٹ پر حصہ لوں گی۔