وزیر آباد حملہ، تحریک انصاف کا اندراج مقدمے کیلئے سپریم کورٹ جانے کا اعلان 

Nov 09, 2022 | 21:38:PM
تحریک انصاف، چیئرمین عمران خان، پارٹی قیادت، اجلاس، مطالبہ،
کیپشن: عمران خان زمان پارک میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے پارٹی قیادت کے اجلاس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ جلد انتخابات کیلئے اسمبلیاں تحلیل کر کے چاروں صوبوں میں فوری انتخابات کی راہ ہموار کی جائے۔ پی ٹی آئی کے سینیٹرز، اراکین قومی اسمبلی، اراکین صوبائی اسمبلی وزیر آباد میں حملے کی ایف آئی کے اندراج کیلئے سپریم کورٹ جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زیرصدارت پارٹی کی مرکزی قیادت کا زمان پارک میں اجلاس ہوا، جس میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال، حقیقی آزادی مارچ کے اگلے مرحلے کے آغاز سمیت دیگر معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا،مشیر داخلہ پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے قیادت کو حقیقی آزادی مارچ پر حملے کی اب تک کی تحقیقات سے آگاہ کیا۔
دوران بریفنگ پارٹی قیادت کو بتایا گیا کہ آئی جی پنجاب اور سی ٹی ڈی کی کابینہ کو دی جانے والی بریفنگز کے مطابق ایک سے زائد حملہ آوروں نے چیئرمین تحریک انصاف کو نشانہ بنایا،حملے میں استعمال ہونے والے اسلحے اور گولیوں کے خولز حاصل کر لئے گئے،حملے کی جگہ سے جمع کیا گیا مواد فرانزک کیلئے بھیجا جارہا ہے، کنٹینر کو محفوظ کرنے کے بعد فرانزک کیلئے بھیجا جارہا ہے ۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ 3 اراکین پر مشتمل مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کل تک تشکیل دے دی جائے گی،مقامی پولیس کی جانب سے کی جانے والی تحقیقات مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کو مہیا کی جائیں گی،حملے کی تحقیقات کے حوالے سے معاملہ آگے بڑھے گا۔
اجلاس میں سینئر قائدین نے حقیقی آزادی مارچ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا، حقیقی آزادی مارچ کل وزیرآباد میں حملے کے مقام سے دوبارہ شروع کیا جائے گا ،وزیرآباد میں بڑے عوامی اجتماع کے انعقاد کے بعد حقیقی آزادی مارچ راولپنڈی کی جانب بڑھے گا ۔
فیصل آباد اور ملک کے دیگر حصوں سے قائدین قافلوں کی شکل میں راولپنڈی کی جانب بڑھیں گے ،ملک بھر سے قافلے نومبر کے تیسرے ہفتے میں راولپنڈی پہنچیں گے ۔
تحریک انصاف کا ایک ہی بنیادی مطالبہ ہے کہ انتخابات جلد از جلد کروائے جائیں ،اسمبلیاں تحلیل کی جائیں اور چاروں صوبوں میں فوری انتخابات کی راہ ہموار کی جائے ۔
اجلاس میں چیئرمین تحریک انصاف کے حق میں متفقہ قرارداد بھی منظور کی گئی،ملک بھر میں موجود تحریک انصاف کے اراکین پارلیمان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت تمام اراکین صوبائی اسمبلی مشترکہ طور پر سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے ۔
ملک بھر سے تحریک انصاف کے منتخب اراکین عدالت عظمیٰ سے چیئرمین عمران خان پر حملے کی ایف آئی آر کے اندراج کی استدعا کریں گے ۔
تحریک انصاف کے منتخب اراکین پارلیمان و صوبائی اسمبلی سپریم کورٹ سے شہباز شریف، رانا ثنا اللہ اور دیگرکی ایف آئی آر میں نامزدگی کی استدعا کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کیلئے 50 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی