بلوچستان حکومت کا غیر مجاز افراد کے زیر استعمال سرکاری گاڑیاں واپس لینے کا فیصلہ

Apr 09, 2026 | 09:06:AM
بلوچستان حکومت کا غیر مجاز افراد کے زیر استعمال سرکاری گاڑیاں واپس لینے کا فیصلہ
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)بلوچستان حکومت نے قومی کفایت شعاری اقدامات کے تحت غیر مجاز افراد کے زیراستعمال سرکاری گاڑیاں واپس لینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

یہ فیصلہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت چیف منسٹر سیکریٹریٹ میں منعقدہ ایک اہم جائزہ اجلاس میں کیا گیا ۔

اجلاس میں سرکاری وسائل کے مؤثر اور شفاف استعمال کو یقینی بنانے کے لیے متعدد اقدامات کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ غیر متعلقہ افراد کے زیراستعمال تمام سرکاری گاڑیوں کی فوری واپسی یقینی بنائی جائے گی۔

اس سلسلے میں سابق گورنرز، سابق وزرائے اعلیٰ، سابق وزرا، سابق اراکین اسمبلی، ریٹائرڈ افسران اور دیگر غیر مجاز افراد سے سرکاری گاڑیاں واپس لینے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں:جنگ بندی؛ جزیرہ ایئر کی پہلی پرواز کویت سے لاہور پہنچ گئی

حکام کے مطابق اس فیصلے کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ افراد کے خلاف سخت کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے اجلاس میں ہدایت دی کہ تمام سرکاری گاڑیوں کا جامع آڈٹ کیا جائے۔

 ایندھن کی فراہمی صرف تصدیق شدہ اور مجاز گاڑیوں تک محدود رکھی جائے تاکہ سرکاری وسائل کے غیر ضروری استعمال کو روکا جا سکے۔

ذرائع کے مطابق تمام سرکاری محکموں کو ہدایت جاری کردی گئی ہے کہ وہ اپنے زیر استعمال سرکاری گاڑیوں کی تفصیلات مرتب کریں تاکہ مرحلہ وار ان گاڑیوں کی واپسی کا عمل شروع کیا جا سکے۔

اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ دفتری اوقات کے بعد سرکاری گاڑیوں کے استعمال پر مکمل پابندی ہوگی۔

 سرکاری امور کی انجام دہی کے لیے مجاز اتھارٹی سے پیشگی اجازت لینا لازمی ہوگا، اور خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ افسر کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔