عالمی مارکیٹ میں گراوٹ، دنیا کے امیر ترین افراد اچانک اربوں ڈالرز سے محروم ہوگئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) صرف پاکستان ہی نہیں پوری دنیا معاشی طوفان کے نرغے میں ہے، اور اس کا اثر بھی واضح ہونے لگا ہے، کیونکہ 24 گھنٹوں میں دنیا کے امیر ترین افراد کی دولت اچانک اربوں ڈالر کم ہو گئی۔
امریکی کاروباری جریدے ’بلومبرگ بلینیئرز‘ کے مطابق پچھلے 24 گھنٹوں میں ایلون مسک، مکیش امبانی اور گوتم اڈانی سمیت دنیا کے امیر ترین لوگوں کو اربوں ڈالر کا نقصان ہوا، عالمی مارکیٹ میں زبردست گراوٹ کی وجہ سے سرفہرست 20 ارب پتی جن میں جیف بیزوس، مارک زکربرگ سمیت ہندوستانی کاروباری شخصیات مکیش امبانی اور گوتم اڈانی بھی شامل ہیں انہیں اربوں ڈالرز گنوانے پڑ گئے ہیں، مزید براں دنیا کے سب سے امیر شخص ایلون مسک کو سب سے زیادہ نقصان ہوا ہے۔
ٹیسلا اور اسپیس ایکس جیسی کمپنیوں کے سی ای او ایلون مسک کی دولت گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 13.9 ارب ڈالر کم ہو کر اب 237 ارب ڈالر ہو گئی ہے، اس کے بعد دوسرا سب سے بڑا نقصان ایمیزون کے مالک جیف بیزوس کو ہوا جن کی دولت 6.08 ارب ڈالر کم ہوکر کر 195 ارب ڈالر رہ گئی، اسی طرح ریلائنس انڈسٹریز کے چیئرمین مکیش امبانی کی دولت 2.14 ارب ڈالر کم ہوکر 111 ارب ڈالر رہ گئی، وہ اس وقت دنیا کے 11 ویں سب سے امیر شخص ہیں۔
اڈانی گروپ کے چیئرمین گوتم اڈانی کی دولت میں 1.57 ارب ڈالر کی کمی ہوئی ہے، جس کی وجہ سے اڈانی 100 ارب ڈالر کے کلب سے باہر ہو گئے ہیں اور اب ان کی دولت 99.6 ارب ڈالر ہے، دنیا کے 10 سر فہرست امیروں میں شامل فرانسیسی ارب پتی برنارڈ ارنالٹ کی دولت 2.30 ارب ڈالر کم ہو کر 181 ارب ڈالر رہ گئی ہے، فیس بُک کے مارک زکربرگ کی دولت 5.75 ارب ڈالر کی گراوٹ کے ساتھ 178 ڈالر پر آ گئی ہے، بل گیٹس کو 1.8 ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے اور ان کی دولت ابھی 157 ارب ڈالر ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سوشل میڈیا پر مشہور ہونے کا جنون ایک اور جان لے گیا
علاوہ ازیں لیری الیسن کو 1.62 ارب ڈالر کا نقصان، سرمایہ کار وارن بفے کو 1.60 ارب ڈالر کا نقصان، اسٹیو والمر کو 2.14 ارب ڈالر، لیری پیج کو 5.06 ارب ڈالر، اور دنیا کے دسویں سب سے امیر شخص سرگئی برین کو 4.72 ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔