علیحدگی پسند گروہ ایس ٹی سی کا سربراہ صومالی لینڈ کے راستے یمن سے فرار ہوگیا: سعودی اتحاد
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) سعودی عرب کی قیادت میں قائم یمن کے فوجی اتحاد نے انکشاف کیا ہے کہ علیحدگی پسند گروپ سدرن ٹرانزیشنل کونسل (ایس ٹی سی) کا سربراہ عیدروس الزبیدی یمن سے فرار ہوگیا ہے۔
انٹرنیشنل میڈیا کی رپورٹس کے مطابق سعودی اتحاد نے نے آج بتایا ہے کہ عیدروس الزبیدی صومالی لینڈ کے راستے متحدہ عرب امارات ( یو اے ای) فرار ہو گیا ہے۔
سعودی اتحاد کی طرف سے یہ بھی الزام لگایا گیا ہے کہ عیدروس الزبیدی کو خفیہ طور پر یمن سے نکالنے میں متحدہ عرب امارات نے کردار ادا کیا۔
عرب میڈیا کے مطابق جمعرات کو جاری ہونے والے اہم بیان میں سعودی اتحاد نے کہا کہ عیدروس الزبیدی بدھ کی شب عدن سے ایک بحری جہاز کے ذریعے روانہ ہوا جو یمن سے صومالی لینڈ کی بندرگاہ بربرہ پہنچا، بعد ازاں الزبیدی نے امارات کے افسروں کے ہمراہ ایک طیارے میں سوار ہو کر صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو کا رخ کیا۔
سعودی اتحاد کے عرب میڈیا میں شائع ہونے والے اس بیان کے مطابق طیارے نے خلیج عمان کے اوپر اپنا ٹرانسپونڈر بند کر دیا تھا ۔ اس طیارےت کے ٹرانسپانڈر کو ابو ظبی کے الریف فوجی ہوائی اڈے پر لینڈنگ سے تقریباً دس منٹ قبل دوبارہ فعال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیئے: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بنگلا دیش کی فضائیہ کے سربراہ حسن محمود خان کی اہم ملاقات
عرب میڈیا کے مطابق اس معاملے پر تاحال نہ تو سدرن ٹرانزیشنل کونسل اور نہ ہی متحدہ عرب امارات کی جانب سے کوئی ردِعمل سامنے آیا ہے۔
صومالیہ کے امیگریشن حکام نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ ایسی اطلاعات کی تحقیقات کر رہے ہیں جن میں ایک ’مفرور سیاسی شخصیت‘ کی نقل و حرکت کے لیے صومالیہ کی فضائی حدود اور ہوائی اڈوں کے مبینہ غیر مجاز استعمال کا ذکر کیا گیا ہے۔
سدرن ٹرانزیشنل کونسل نے ابتدا میں شمالی یمن کے حوثی باغیوں کے خلاف یمن کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کا ساتھ دیا تھا لیکن اب یہ گروپ جنوبی یمن میں ایک علیحدہ ریاست کے قیام کی کوشش کر رہا تھا۔ سعودی عرب نے یمن کے کسی حصے کے علیحدہ ہونے کی سخت مخالفت کی۔
یہ بھی پڑھیئے: زرمبادلہ کے ذخائر میں خاطر خواہ اضافہ ، سرکاری ذخائر تین ماہ کے درآمدی بل کے برابر آگئے
سعودی اتحاد کی جانب سے ایس ٹی سی کے خلاف کارروائیاں تیز کردی گئی ہیں اور یمن کی حکومتی فورسز نے ایس ٹی سی کے کنٹرول میں موجود عدن شہر اور ہاں موجود صدارتی محل کا کنٹرول ایس ٹی سی سے واپس لے لیا ہے۔
یاد رہے کہ اسرائیل کی جانب سے حال ہی میں صومالیہ کے علاقے صومالی لینڈ کو آزاد ریاست کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں :آج دو ٹیموں کی نیلامی میں پانچ امریکی کمپنیاں شریک ہوئیں، محسن نقوی