میری حکومت کا نصب العین ہے کہ عوام کو پبلک سورس ڈیلیوری میں بہتری نظر آنا چاہیے،علی امین گنڈاپور
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ میری حکومت کا نصب العین ہے کہ عوام کو پبلک سورس ڈیلیوری میں بہتری نظر آنا چاہیے،پبلک سروس ڈیلیوری کو عوامی توقعات اور ضروریات سے ہم آہنگ کرنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپورکی زیر صدارت ڈپٹی کمشنرز کانفرنس کا انعقادکیاگیا،متعلقہ صوبائی کابینہ اراکین، چیف سیکرٹری اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے شرکت کی،انتظامی سیکرٹریز کے علاوہ ڈویژنل کمشنرز اور صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرزبھی شریک ہوئے،کانفرنس کا مقصد اضلاع کی سطح پر پبلک سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانا تھا۔
کانفرنس میں صوبائی حکومت کے گڈ گورننس روڈ میپ کے تحت مقرر کردہ اہداف پر پیشرفت کا جائزہ لیاگیا،ان شعبوں میں صحت، تعلیم، زراعت، لائیو سٹاک، سیاحت، سوشل ویلفیئر، بلدیات، انتظامیہ اور سکیورٹی شامل ہیں۔ ان اہداف میں بلدیات کے شعبے میں نو، سیاحت میں تین، سوشل ویلفیئر اور لائیو سٹاک میں دو، دو جبکہ صحت، تعلیم اور زراعت میں ایک ایک ہدف شامل ہیں۔
ڈپٹی کمشنرز کو یہ اہداف حاصل کرنے کے لئے دسمبر 2025 تک کا ڈیڈ لائن دیا گیا۔ کانفرنس میں تمام پرائمری مراکز صحت میں ضروری ادویات، آلات، طبی عملے کی سو فیصد دستیابی یقینی بنانے کا ہدف مقرر کیاگیا،اس کے علاوہ سرکاری سکولوں میں اساتذہ اور طلبہ کی حاضری جبکہ سکولوں میں ناپید سہولیات کی سو فیصد دستیابی یقینی بنانے کا ٹارگٹ دیا گیا۔
زراعت کے شعبے میں تمام فارم سروس سنٹرز میں کھاد، بیچ، زرعی مشینری اور کیڑے مار ادویات کی دستیابی یقینی بنائی جائے گی۔ لائیو سٹاک کے شعبے میں تمام ویٹرنری ہسپتالوں میں درکار عملے، ادویات اور آلات کی سو فیصد دستیابی یقینی بنائی جائے گی۔ سیاحتی علاقوں میں تمام ٹورازم فیسیلیٹیشن ڈیسکس اور ریسٹ رومز کو فعال بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا۔
صوبائی حکومت کے تمام دارالامان، پناہ گاہوں اور زمونگ کور مراکز کے بہتر انتظام و انصرام کو یقینی بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا۔ کانفرنس میں عوامی مقامات بشمول بس سٹینڈز، پارکس، سبزی منڈیوں اور مذبح خانوں میں صفائی ستھرائی اور سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا۔ویلج کونسلز میں صفائی عملے کی تعیناتی، کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے اور سیوریج سسٹم کو یقینی بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا۔
عمومی انتظامی شعبے میں قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور معیاری اشیائے خوردونوش کی دستیابی یقینی بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا،امن و امان کے شعبے میں دہشتگردوں کی پروفائلنگ کا ہدف مقرر کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:بڑی گرفتاری
کانفرنس میں وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ اضلاع کی سطح پر ڈپٹی کمشنرز حکومت کے دائیں ہاتھ کا کردار ادا کرتے ہیں،نچلی سطح پر حکومت کے وژن پر ان گراونڈ عملدرآمد ڈپٹی کمشنرز کا اہم کردار ہے، تمام ضلعی محکمے ڈپٹی کمشنرز کے ماتحت ہیں ان سے کام لینا ڈپٹی کمشنرز کی ذمہ داری ہے، اگر کوئی بھی افسر یا اہلکار صحیح کام نہیں کر رہا تو ڈپٹی کمشنر متعلقہ سیکرٹری اور چیف سیکرٹری کو رپورٹ دے،ڈپٹی کمشنر کی رپورٹ پر ایسے افسران اور اہلکاروں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
علی امین گنڈاپور نے کہاکہ حکومت کے وژن پر عملدرآمد کے لئے ڈپٹی کمشنرز کو زمہ داریوں کے ساتھ ساتھ بھر پور اختیارات بھی دیئے جائیں گے، کسی بھی کوتاہی کی صورت میں متعلقہ ضلعی سربراہ سے بعد میں پوچھا جائے گا، ڈپٹی کمشنرز سے پہلے پوچھا جائے گا، وقت کا تقاضا ہے کہ صوبائی حکومت کے وژن پر ان گراونڈ عملدرآمد ہو، ان کاکہناتھا کہ میری حکومت کا نصب العین ہے کہ عوام کو پبلک سورس ڈیلیوری میں بہتری نظر آنا چاہیے،پبلک سروس ڈیلیوری کو عوامی توقعات اور ضروریات سے ہم آہنگ کرنا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہاکہ ڈپٹی کمشنرز عوامی رابطہ مہم کو مزید بہتر بنانے کے لئے باقاعدگی سے کھلی کچہریاں منعقد کریں،ان کھلی کچہریوں میں متعلقہ منتخب عوامی نمائندوں کو بھی مدعو کیا جائے، ان کاکہناتھا کہ صوبائی حکومت بہت جلد دیہی علاقوں میں صفائی پروگرام کا اجراء کرنے جا رہی ہے، پروگرام کے تحت ویلج کونسلز کی سطح پر صفائی عملہ بھرتی کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:یکم جولائی2025یا بعد میں ریٹائرڈہونیوالے سرکاری ملازمین کیلئے بڑا پیکیج