امریکہ اور ایران میں جلد معاہدے کی توقع ،معرکہ حق ماضی نہیں مستقبل کا تعین کرے گا :پاکستان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)پاکستان کی وزارت خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ امریکہ اور ایران میں جلد معاہدے کی توقع ہے، پاکستان کا ایک قطرہ پانی بھی کوئی چوری نہیں کر سکتا،معرکہ حق ماضی نہیں مستقبل کا تعین کرے گا ،ایرانی قیادت نے پاکستان کی قیام امن کیلئےکوششوں کو سراہا ۔
ترجمان دفتر خارجہ کی ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا گیا ہے کہ آج معرکہ حق کی پہلی سالگرہ ہے، پانچ مئی کو نائب وزیراعظم نے معرکہ حق پر سفارتی کور کو بریف کیا۔
طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان پیغامات کا کیا تبادلہ ہوا ہے، اس پر گفتگو نہیں کروں گا، ہم پر امید ہیں کہ دونوں پارٹیوں کے درمیان معاملہ حل ہوگا، یہ نہیں جانتا کہ معاہدہ ایک صفحے کا ہوگا یا زیادہ صفحات کا، معاہدے کے لیے پرامید ہیں۔
دفتر خارجہ کی جانب سے مزید کہا گیا کہ انٹرنیشنل کمیونٹی کو جنوبی ایشیاء میں امن اور سلامتی پر تشویش ہے، پاکستان کا ایک قطرہ پانی کوئی چوری نہیں کرسکتا ، سندھ طاس معاہدہ سے متعلق تمام آپشنز زیر غور ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:کرک اور خیبر میں سی ٹی ڈی کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، 21 دہشتگرد ہلاک،9گرفتار
ترجمان نے بتایا کہ ہم دریاؤں کی صورتحال کا مشاہدہ کررہے ہیں، دفتر خارجہ سمیت انڈس واٹر کمشنر اور دیگر حکام اس کو دیکھ رہے ہیں۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاک افغان بارڈر کے دونوں جانب عوام امن چاہتے ہیں، پاکستان اور افغانستان کے عوام کے درمیان کوئی تنازع نہیں ہے ،ہمارا مذہب ایک ہے۔
انہوں نے کہا کہ طالبان رجیم کے تحت افغان سرزمین سے ہونے والے دہشت گردی معاملات خراب کر رہی ہے، ہمیں بارڈر بندش سمیت دیگر اثرات کے بجائے جڑ دہشت گردی کو دیکھنا ہو گا، دہشت گردی ختم ہو جائے باقی چیزیں خود سیٹل ہو جائیں گی۔