ہزارہ موٹروے حادثہ، ریسکیو آپریشن مکمل، جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہوگئی

Jan 07, 2024 | 15:56:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) ہزارہ موٹروے پر پیش آنیوالے خوفناک ٹریفک حادثے کے بعد ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے جبکہ ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہوگئی ہے اور زخمیوں میں 8 کی حالت تشویشناک ہے۔

ہزارہ موٹروے پر شاہ مقصود کے قریب مانسہرہ سے لاہور جاتی ہوئی فلائنگ کوچ، ایبٹ آباد سے راولپنڈی جاتی ہوئی ہائی ایس تعمیراتی مشینری سے ٹکرا گئیں۔

حادثے کی اطلاع موصول ہوتے ہی ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجنئیر تنویر احمد کی ہدایت پر 3 ایمبولینسز اور 1 ڈیزاسٹر ریسکیو وہیکل جائے حادثہ کی جانب روانہ کر دی گئیں۔

تصادم کے بعد متعدد افراد گاڑیوں میں پھنس گئے جن کو نکالنے کیلئے ریسکیو 1122 ہری پور کی خصوصی ٹیم نے 2 گھنٹے آپریشن جاری رکھا جبکہ میڈیکل ٹیموں نے جانبحق اور زخمیوں کو ابتدائی طبّی امداد فراہم کرتے ہوئے ٹراما سینٹر منتقل کیا۔

شدید زخمی افراد کو تشویشناک حالت میں ایبٹ آباد منتقل کیا گیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈکواٹر ہسپتال نے ٹراما سنٹر اور ڈی ایچ کیو میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے تمام سٹاف کو موقع پر طلب کرلیا۔ 

ریسکیو آپریشن میں FWO، ایدھی اور موٹروے پولیس نے بھی حصہ لیا۔

حادثے کے نتیجے میں جو 6 افراد جاں بحق ہوئے ان میں 25 سالہ سلطان، 42 سالہ فیصل، شکیل ولد خلیل، عبدالقیوم، مسماۃ (ش) بی بی اور 74 سالہ طور گل شامل ہیں جبکہ حادثے میں زخمی ہونے والوں میں 60 سالہ اسرار، 27 سالہ سمیع، 21 سالہ حسین، عبداللہ، 40 سالہ عالم خان، 24 سالہ عالم خان، عثمان  اور نامعلوم شخص شامل ہیں۔