پاک افغان حکومت میں مذاکرات ہوں گے، کسی گروہ سے بات نہیں ہوگی، آرمی چیف

Aug 07, 2023 | 18:11:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے کہاکہ فوج اور سیکیورٹی کے تمام ادارے اور پاکستان کے عوام ایک ہیں جو لوگ امن کو برباد کرنا چاہتے ہیں وہ ہم میں سے نہیں ہیں۔

یہ بات آرمی چیف نے ‎پشاور میں تاریخی گرینڈ جرگے میں اپنے خطاب کے دوران کہی جس میں انہوں نے خصوصی شرکت کی۔

 ‎جنرل عاصم منیر نے خیبر پختونخوا کے مشاران، عمائدین اور نمائندوں کے تاریخی گرینڈ جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی فوج شہداء کی فوج ہے جس کا نعرہ ہے ’ایمان، تقویٰ اور جہاد فی سبیل اللہ‘ ہم آپ میں سے ہیں اور آپ ہم میں سے ہیں، پاکستان، ریاست مدینہ کے بعد کلمے پر بننے والی دوسری ریاست ہے۔ دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کا کچھ نہیں کر سکتی۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کی کارروائیوں میں حالیہ اضافہ دہشتگردوں کی جانب سے مذاکرات کو بحال کرانے کی ناکام کوشش ہے، اگر مذکرات ہوئے تو وہ صرف پاکستان اور عبوری افغان حکومت کے مابین ہوں گے، کسی بھی گروہ یا جتھے سے بات نہیں کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلام سلامتی اور امن کا دین ہے جنہوں نے اس دین کو دہشتگردی کی بھینٹ چڑھایا ہے انکو جواب دینا پڑے گا، افغان مہاجرین کو پاکستان میں پاکستان کے قوانین کے مطابق رہنا ہوگا۔

افغان حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ کیا احسان کا بدلہ احسان کے علاوہ کچھ اور بھی ہوسکتا ہے؟ پاکستان میں دہشتگردی میں افغان شہریوں کا ملوث ہونا افغان حکومت کی جانب سے دوحہ امن معاہدے کی خلاف ورزی ہے، پاکستان کے آئین میں حاکمیت صرف اللہ کی ذات کی ہے۔ یہ خوارج کون سی شریعت لانا چاہتے ہیں؟

یہ بھی پڑھیے: سپیشل انوسمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس، سرمایہ کاری سمیت دیگر اہم امور کا جائزہ

آرمی چیف نے کہا کہ میں اور میری بہادر فوج دہشتگردی کے خلاف جنگ میں خون کے آخری قطرے تک لڑیں گے، دہشتگردوں کے پاس ریاست کے سامنے سر تسلیم کرنے کے علاوہ اور کوئی راستہ نہیں، ہم اللہ کے راستے میں جہاد کر رہے ہیں اور کامیابی ہماری ہی ہوگی۔

انہوں نے زور دیا کہ پاک فوج کا مقصد اور نصب العین شہید یا غازی ہے، کے پی پولیس ایک شاندار فورس ہے اور اسکی بے پناہ قربانیاں ہیں۔

جنرل عاصم نے بتایا کہ حکومتِ پاکستان کی منظوری کے بعد قبائل کے انضمام کے مسائل کے حل کیلئے ایک سیکریٹیریٹ قائم کیا جائے گا، ہم قبائلی عوام کی معاشی ترقی کے حوالے سے ترقیاتی منصوبوں میں ان کی شرکت کو یقینی بنائیں گے، خیبر پختونخوا حکومت کے ساتھ مل کر نئے ضم شدہ اضلاع میں 81 ارب روپے کی مالیت کے ترقیاتی اور فلاح وبہبود کے منصوبے شروع کیے جائیں گے۔

آرمی چیف نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کے ساتھ مل کر نئے ضم شدہ اضلاع میں پولیس کے 43 منصوبوں کو سات ارب روپوں کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا اور 54 زیر تعمیر منصوبوں کے جلد مکمل ہونے میں تمام تر مدد فراہم کی جائے گی۔

قبائلی مشاران نے کہا کہ قبائلی عوام فوج کے ساتھ تھی اور ساتھ رہے گی۔ آخر میں قبائلی مشاران نے ملکی ترقی و خوشحالی سمیت امن کیلئے خصوصی دعا کی۔