اسسٹنٹ کمشنرمتعلقہ علاقوں میں روٹی 16اور نان کی 20 روپے میں فروخت یقینی بنائیں: مریم نواز شریف

May 06, 2024 | 16:40:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(راؤ دلشاد) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ اسسٹنٹ کمشنرمتعلقہ علاقوں میں روٹی 16اور نان کی 20 روپے میں فروخت یقینی بنائیں اور مصنوعی مہنگائی کو پرائس کنٹرول میکانزم کے ذریعے کم کریں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے صوبہ بھر میں تعینات ہونے والے اسسٹنٹ کمشنر سے ملاقات کی، ملاقات میں سینیٹر پرویز رشید،سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، چیف سیکرٹری، اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیں: 31 کروڑ یونٹس واپس، محسن نقوی نے  بجلی صارفین کو خوشخبری سنادی

دورانِ ملاقات شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے میرٹ پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی زندگی میں آسانیاں اور سہولت لائیں، عوام کی خدمت کا ایجنڈا ہر صورت پورا کیا جائے، کرپشن اور بدعنوانی کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی ہے، عوام کی خدمت افسروں کی ذمہ داری ہی نہیں، فرض اؤلین ہے، ذمہ داری دی نہیں جاتی بلکہ از خود ذمہ داری لی جانی چاہیے۔

 مریم نواز شریف نے شرکاء کو فرائض کو بلاتفریق سرانجام دینے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ ینگ آفیسر زکو پرفارمنس سے خود کو ثابت کرنا ہوگا، عوامی نمائندوں کی عزت کی جائے،  میرے سمیت کسی کی غلط بات نہ مانیں، حکومت کی رٹ کو ہر صورت قائم رکھا جائے لیکن انسانی وقار کو بھی برقرار رکھیں، جائز کام ہر ایک کا کیا جائے، ناجائز کام کسی کا نہیں کرنا، ایجوکیشن، ہیلتھ،پرائس کنٹرول سمیت تمام امور پر پوری توجہ دی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرمتعلقہ علاقوں میں 16روپے کی روٹی اور 20روپے نان کی فروخت یقینی بنائیں، مصنوعی مہنگائی کو پرائس کنٹرول میکانزم کے ذریعے کم کیا جائے، پراونشنل انفورسمنٹ اتھارٹی، ضلعی انتظامیہ کی مختلف ٹاسک میں معاونت کرے گی، پنجاب کے کسی علاقے میں ٹوٹی گلیاں،کھڑا پانی اور ابتر صفائی نہیں دیکھنا چاہتی، ہسپتالوں میں علاج کی سہولتوں کی بھرپور مانیٹرنگ کی جائے، افسران عوام کے لئے دروازے کھلے رکھیں اور ان کی بات سنیں، میرے اسسٹنٹ کمشنر میرے آنکھیں، کان اور بازو کے مترادف ہیں۔