محبت کی شادی،سینئر اداکار محمود اسلم نے ساری کہانی سنادی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) سینئر اداکار محمود اسلم نے ابھی تک شادی کے پیغامات آنے اوراپنی محبت کی شادی کے حوالے سے اہم انکشاف کردیا۔
پاکستانی ڈرامہ اورفلم انڈسٹری کے سینئراداکار محمود اسلم نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی جہاں ان سے میزبان کی جانب سے سوال کیا گیا کہ آپ کو اب بھی شادی کے پیغامات آتے ہیں؟اس پرسینئر اداکار نے انکشاف کیا کہ مجھے انسٹاگرام پر شادی کے پیغامات آتے ہیں۔
محموداسلم نے ایک قصہ سناتے ہوئے کہا کہ میری ایک خاتون فین لندن سے مجھے کال کرکے کہتی تھی کہ مجھ سے شادی کرلو، اپنی بیوی کو چھوڑ دو، میرے پاس بہت پیسہ ہے،وہ خاتون میرے 80 کی دہائی کے ڈرامے’’دلاور‘‘ کی فین تھی، میں نے ان سے کہا کہ آپ نے بہت پرانا ڈرامہ دیکھا ہوا ہے، اس وقت میں جوان تھا اب بوڑھا ہوگیا ہوں، لیکن خاتون نے ماننے سے انکار کردیا۔وہ مجھے فون کال کرکے صرف یہی کہتی تھی کہ آپ کیسے ہیں، ٹھیک ہیں، پھر فون بند کردیتی تھی، پھر میں نے اپنی بیوی سے بات کروائی اور پھر آخری کال پر خاتون نے مجھے کہا کہ اگر آپ مجھے دنیا پر نہیں ملے تو کوئی بات نہیں، میں اللہ سے آپ کو دوسرے جہاں میں مانگ لوں گی۔
پروگرام کے دوران محموداسلم نے اپنی محبت کی شادی کا قصہ بھی سنایااورکہامیں اس وقت اوپن ایئر تھیٹر میں اداکاری کیاکرتا تھا اور جوانی میں ہیرو کا کردار ادا کر رہا تھا، ایک موقع پر معروف کامیڈین امان اللہ نے مذاق میں مجھ سے کہا کہ اتنا غرور کیوں ہے جیسے تم سہگل خاندان کے داماد ہو اور بعد میں حقیقی زندگی میں ایسا ہی ہو گیا۔
محمود اسلم نے بتایا کہ گریجویشن کے بعد میں فارغ تھا اور ایک دوست نے مجھے نوکری دلانے کا وعدہ کیا، اسی دوران میری ملاقات سیاستدان زاہد حامد سے ہوئی جنہوں نے مجھے سیلز مین کی ملازمت کرنے سے روکا اور ایک نئے آئس کریم پارلر میں بطور مینیجر ملازمت دے دی۔
معروف اداکار نے بتایا کہ میری اہلیہ جنہیں میں نہیں جانتا تھا اکثر اس آئس کریم پارلر آیا کرتی تھیں اور مذاق میں کہتی تھیں کہ وہ آئس کریم کے لیے نہیں بلکہ مینیجر کو دیکھنے آتی ہیں، ان کے ساتھ آنے والی ان کی سہیلیاں بھی مجھے دیکھنے کے لیے آتی تھیں کیونکہ اس وقت میرا ایک ڈرامہ کافی مقبول ہو چکا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:شوبزمیں کیسے قدم رکھا؟اداکارہ طوبیٰ انورنے اہم انکشاف کردیا
محمود اسلم نے ہنستے ہوئے کہا کہ میری اہلیہ اپنی دوستوں کو مجھے فون کر کے اظہارِ پسندیدگی کرنے کو کہتی تھیں، مگر وہ ہمت نہ کر پاتیں، آخرکار میری اہلیہ خود مجھ سے ملنے آئیں اور اسی ملاقات کے بعد ہم دونوں کے درمیان محبت بڑھ گئی،اس ملاقات کے بعد میں نے اپنی محبوبہ کو جانے نہیں دیا اور یوں ہماری محبت شادی میں بدل گئی۔