ترک لینڈ فورسز کے کمانڈر کی آرمی چیف سے ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

Jul 06, 2022 | 00:25:AM
آرمی چیف، ملاقات، باہمی، دلچسپی، تبادلہ خیال
کیپشن: آئی ایس پی آر، فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ترک لینڈ فورسز کے کمانڈر جنرل موسیٰ اوسیور نے ملاقات کی ہے۔ دوران ملاقات دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی اور سیکیورٹی تعاون پر خصوصی زور دینے کے ساتھ باہمی اور پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ وہ ترکی کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ تعلقات کی جڑیں تاریخ میں گہری ہیں اور ہماری ثقافتی اور مذہبی وابستگیوں میں جڑی ہوئی ہیں۔ بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ دونوں فریقوں نے خاص طور پر تربیت اور انسداد دہشت گردی کے شعبوں میں فوجی تعلقات کو مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا۔

یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن نے وزیراعظم کو دورہ سندھ سے روک دیا

آئی ایس پی آر کے مطابق معزز مہمان نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کا اعتراف کیا۔ اس کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔ مہمان نے پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا بھی عہد کیا۔