غزہ:بمباری میں مزید 79 فلسطینی شہید ،امریکا کی فلسطین کو تسلیم کرنیوالے ممالک کودھمکیاں 

Sep 05, 2025 | 08:41:AM
غزہ:بمباری میں مزید 79 فلسطینی شہید ،امریکا کی فلسطین کو تسلیم کرنیوالے ممالک کودھمکیاں 
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)اسرائیلی فوج کے حملوں میں غزہ کے مختلف علاقوں میں مزید 79 فلسطینی شہید ہوگئے۔

 میڈیا رپورٹ کے مطابق فوجی حملوں میں اضافے کے ساتھ صہیونی ریاست نے غزہ میں بڑے پیمانے پر انخلا کے احکامات جاری کیے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق اب بھی تقریباً 2 لاکھ فلسطینی شہر میں موجود ہیں، شہری دفاع نے بتایا کہ 12 فیصد علاقہ صہیونی فوج کے کنٹرول سے باہر ہے۔

ادھر مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج نے طولکرم کے علاقے ابو صفیہ میں متعدد خاندانوں کو گھر چھوڑنے کے احکامات دے دیئے، جبکہ قصبے عنابتا اور جنوبی علاقے الراس میں بھی حملے کیے گئے، گھروں کی تلاشی لی گئی اور 4 نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا۔

 عرب میڈیا کے مطابق سیکڑوں خاندان غزہ سے سمندر کی طرف نقل مکانی کر گئے تاکہ بمباری سے بچ سکیں، ادھر  صہیونی ریاست نے دھمکی دی ہے کہ وہ غزہ پر قبضے کی کارروائی شروع کرے گا، اسرائیلی حکام نے دعویٰ کیا کہ حملے کے نتیجے میں 10 لاکھ فلسطینی جنوبی غزہ کی طرف دھکیل دیے جائیں گے۔

اسرائیلی ادارے ’کوگاٹ‘ کے ایک افسر کا کہنا تھا کہ کہ 70 ہزار فلسطینی پہلے ہی شمالی غزہ چھوڑ چکے ہیں اور جلد ہی ایک نام نہاد ’انسانی ہمدردی پر مبنی زون‘ کا اعلان کیا جائے گا جو وسطی غزہ کے کیمپوں سے ساحلی علاقے المواصی تک پھیلا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں:سونا سمگلنگ کیس میں معروف بھارتی اداکارہ کو سوا تین ارب روپے سے زائد کا جرمانہ

دوسری جانب  غزہ کی بندرگاہ پناہ گزین کیمپ میں تبدیل ہو گئی ہے، جہاں بے گھر فلسطینی کو کھانے پینے اور پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے، جبکہ عارضی طور پر قائم کیے گئے خیمے ساحل سے گلیوں تک پھیل گئے ہیں۔

علاوہ ازیں امریکا نے فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے والے ممالک کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دینا شروع کر دیں۔

خبر ایجنسی کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے والے ممالک کو مسائل کا سامناکرنا پڑے گا،امریکا نے فلسطینی ریاست کے حامی ممالک کو آگاہ کر دیا ہے، مارکو روبیو نے مغربی کنارے کو اسرائیل سے الحاق پر بات کرنے سے گریز کیا۔

خبر ایجنسی نے بتایا کہ برطانیہ سمیت متعدد ممالک نے فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے کا اعلان کر رکھا ہے، فرانس، کینیڈا، آسٹریلیا اور بلجیئم بھی ستمبر میں فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے والوں میں شامل ہیں۔