گرج چمک کیساتھ موسلادھار بارش، الرٹ جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش اور شدید ژالہ باری کا الرٹ جاری کردیا گیا ، جس میں تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور ہنگامی انتظامات مکمل کرنے کی سخت ہدایت جاری کی ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے لیے موسمی صورتحال اور ممکنہ قدرتی آفات کے حوالے سے ہائی الرٹ جاری کر دیا ،این ڈی ایم اے کی جانب سے کہا گیا کہ آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، منڈی بہاؤالدین، گجرات، جہلم، میانوالی، ڈی جی خان، قصور، اوکاڑہ، گوجر خان، اور حافظ آباد میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے،اس کے علاوہ لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، خوشاب، جھنگ، ساہیوال، ملتان، بہاولپور اور رحیم یار خان میں بھی بادل برسیں گے۔
خیبر پختونخوا کے اضلاع چترال، دیر، سوات، صوابی، کالام، منگورہ، مالاکنڈ، بٹگرام، مردان، نوشہرہ، پشاور، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، چارسدہ، کوہاٹ، کرک، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش متوقع ہے۔
گلگت بلتستان کے علاقوں (اسکردو، ہنزہ، نگر، غزر، دیامیر، گھانچے، استور، شگر) اور آزاد کشمیر (وادی نیلم، مظفرآباد، باغ، کوٹلی، پونچھ، بھمبر) میں بھی شدید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے نے انتباہ جاری کیا ہے کہ پنجاب، کے پی، جی بی اور آزاد کشمیر کے متعدد علاقوں میں شدید ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے، جس سے کمزور تعمیرات اور تنصیبات کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
سب سے سنگین خطرہ شمالی علاقہ جات میں گلیشائی جھیلوں کے پھٹنے اور لینڈ سلائیڈنگ کا ہے، جس کے باعث رابطہ سڑکیں بند ہو سکتی ہیں، ہنزہ، نگر، گلگت، چلاس، استور، شگر، چترال، کالام، اپر کوہستان اور آزاد کشمیر کو لینڈ سلائیڈنگ کے لیے انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ شمشال ویلی، عطا آباد جھیل، کریم آباد، گل مت، ششکت بالا اور پاسو کی رابطہ سڑکیں شدید متاثر ہو سکتی ہیں جبکہ شگر ویلی روڈ، اسکردو روڈ، دیوسائی روڈ اور قراقرم ہائی وے پر راستے بند ہونے کا خدشہ ہے،ممکنہ طور پر متاثر ہونے والی بڑی شاہراہوں میں قراقرم ہائی وے، ناران روڈ اور جگلوٹ-اسکردو روڈ شامل ہیں۔
این ڈی ایم اے نے کالام، کندول، ارنگ کیل، داسو، پٹن اور چترال کے پہاڑی مقامات پر سفری سرگرمیاں معطل یا متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور ہنگامی انتظامات مکمل کرنے کی سخت ہدایت جاری کر دی ہے۔
خیال رہے کہ بہاولپور سمیت پنجاب بھر میں گزشتہ رات گئے آنےوالی شدید آندھی نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی تھی،دیواریں اور چھتیں گرنے کے مختلف واقعات میں 15 سالہ بچی جاں بحق اور 13 سے زائد افراد زخمی ہو ئے۔
پنجاب بھر میں رات گئے تیز آندھی سے نظامِ زندگی درہم برہم کردیا،بہاولپور میں چنن پیر کے علاقے میں دیوار گرنے سے 15 سالہ اللہ وسائی جاں بحق ہوگئی جبکہ بہاولپور اندرون شہر میں دیوار گرنے سے 2 بچے زخمی ہوگئے ،ایک کی ٹانگ ٹوٹ گئی۔
غنی گوٹھ اور سی پیک روڈ پر چھتیں گرنے سے 2 خواتین زخمی ہوگئیں،فتو والی میں سولر پلیٹیں اور جھانگی والا روڈ پر درخت گرنے سے 6 افراد زخمی ہوگئے،ذخیرہ جنگل اور بھٹہ خشت پر توڑی میں لگنے والی آگ پر 2 گھنٹے بعد قابو پا لیا گیا۔