پی ڈی ایم ٹھس ہو چکی ۔۔شیخ رشید

Jul 05, 2021 | 21:28:PM
 پی ڈی ایم ٹھس ہو چکی ۔۔شیخ رشید
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ اگر مشکل وقت آیا تو افواج پاکستان ، حکومت ، اپوزیشن سمیت پوری قوم ایک پیج پر ہو گی ، صورتحال پر پوری طرح نظر رکھے ہوئے ہیں پی ڈی ایم ٹھس ہو چکی ہے ،آزادکشمیر کے انتخابات کے بعد صورتحال مزید تبدیل ہو گی۔
 پیر کو وزارت داخلہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔وزیر داخلہ نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ افغانستان سے اس مرتبہ و ہ حالات نہیں ہوں گے جو پہلے کے ادوار کا حصہ تھے۔ انہوں نے کہاکہ نادرا چیئرمین کو ہدایت کی کہ سارے پاکستان میں نادرا کے دفاتر کے اندر جو گند ہے اسے صاف کیا جائے ۔ انہوںنے کہاکہ کراچی میں پہلے ہی 30 ایسے افراد کے خلاف کارروائی کی گئی جو غلط شناختی کارڈ جاری کرتے تھے، 19 افرادکو معطل کیا گیا ، ضرورت پڑی تو اس معاملے پر جے آئی ٹی بھی بنائی جائے گی۔
 انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عنقریب ازبکستان کا دورہ کریں گے جہاں دو اہم معاہدوں پر بھی دستخط کریں گے۔ انہوںنے کہاکہ 5 سے 7 دن کا ویزہ انٹری پر دیاجائےگا۔ لاہور اور تاشقند کے درمیان پی آئی اے کی پراوزیں بھی شروع ہو چکی ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے۔
 وزیر داخلہ نے کہا کہ ایف آئی اے میں 1145 آسامیوں کے لئے 12 لاکھ لوگوں نے درخواست دی ہے ، اس عمل کو مکمل کرنے کے لئے 13 کروڑ روپے کی ضرورت ہے جو ہم اپنے وسائل سے فراہم کریں گے۔ 26 جولائی سے ٹیسٹ لینے کے عمل کا آغاز ہو جائیں گے۔انہوںنے کہاکہ509 مزید نوکریاں دی جائیں گی۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ افغان بارڈر کو مستقبل کی ضروریات سے ہم آہنگ کیاجائے گا، طورخم اور چمن پر ایف آئی اے ، ایف سی اور قانون نافذ کرنے والے متعلقہ ادارے پہلے سے ہی آمد و رفت کے حوالے سے ضروری قانونی تقاضے پورے کرنے پر مامور ہیں، چمن سرحد کو بھی 30 جولائی سے الیکٹرانک کردیاجائےگا۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے میں عرصہ دراز سے مختلف آسامیوں پر تعینات افسروں اور اہلکاروں کے تبادلے کی ہدایت کی گئی تھی ، اس حوالے سے احکامات پر پوری طرح عملدرآمد نہیں ہوا۔ ڈی جی ایف آئی اے کو ہدایت کی ہے کہ 72 گھنٹوں میں ایسے اہلکاروں کو تبدیل کیا جائے جو عرصہ دراز سے مختلف آسامیوں پر بیٹھے ہیں۔ 
انہوں نے کہا کہ ایئرپورٹس پر چین اور سی پیک کے ویزوں کے لئے الگ کاﺅنٹرز قائم کیا جا رہے ہیں۔ اسلام آباد ایئرپور ٹ پر جلد اس کا افتتاح کیاجائےگا۔ وزیر داخلہ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ لاہورمیں پولیس نے زبردست کارروائی کی، کراچی میں بھی ایک گروپ پکڑا گیا ہے جس کا اعلان مناسب وقت پر کیاجائےگا، میں نے پہلے ہی کہا تھاکہ لاہور کے واقعہ میں بھارتی خفیہ ایجنسی ملوث ہے۔
 شیخ رشید نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے واضح پالیسی کاا علان کیا ہے کہ بھارت کی طرف سے کشمیر کی حیثیت تبدیل کئے جانے کے اقدامات واپس لئے جانے تک اس سے تجارت یا بات چیت نہیں ہو سکتی ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ میں خود کشمیری ہوں اور میں ووٹر ہوں۔ پاکستان کے سیاستدان گلگت بلتستان اور کشمیر میں جلسے اور سیاست کرتے ہیں ، مجھے بھی یہ حق حاصل ہے۔ انہوںنے کہاکہ میری جو آڈیو چلائی جا رہی ہے وہ درست ہے،میں کشمیر جا کے بلے کےلئے ووٹ مانگوں گا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ افغانستان کے حالات پر ہماری نظر ہے،پہلا وزیر داخلہ ہوں جو تمام سرحدی مقامات پر گیا ۔ افغانستان سے ملحقہ 7 سرحدی مقامات کو وقت کے تقاضوں کے مطابق تیارکریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی حکومت کی خواہش ہے کہ افغانستان میں طالبان، جمعیت اسلامی، اشرف غنی ، حامد کرزئی، عبداللہ عبداللہ ، رشید دوستم ، وزیر داخلہ عبدالستار سمیت تمام رہنما اور قیادت اپنے ملک یا دوحہ میں مل کر بیٹھیں اور وہ اپنا مسئلہ جس طرح بھی خود بیٹھ کر حل کریں گے ہمارے لئے قابل قبول ہو گا۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہاکہ ٹی ایل پی کا کیس سن لیا ہے، کمیٹی جو سفارشات د ے گی وہ کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کریں دے گے۔
 ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پہلے ہی 30 ، 40 لاکھ افغان پناہ گزین قیام پذیر ہیں، ہم آئندہ کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور حالات سے باخبر ہیں۔ فوجی قیادت کی دعوت پر تمام رہنماﺅں نے اتحاد اور یک جہتی کا مظاہرہ کیا ہے اور پوری قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح متحد ہے۔