نورِ سحر میں’’ سیرت النبی ﷺ اور محبتِ رسول ﷺ ‘‘ پر بصیرت افروز علمی نشست کا انعقاد

جسٹس (ر) نذیر احمد غازی نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ کی محبت کامل ایمان کی علامت اور جنت کی ضمانت ہے۔

Sep 04, 2025 | 11:33:AM
 نورِ سحر میں’’ سیرت النبی ﷺ اور محبتِ رسول ﷺ ‘‘ پر بصیرت افروز علمی نشست کا انعقاد
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)معروف پروگرام "نورِ سحر" میں سیرت النبی ﷺ اور محبتِ رسول ﷺ کے موضوع پر ایک بصیرت افروز علمی نشست کا انعقاد کیا گیا، جس میں ملک کے ممتاز اسلامی اسکالرز، محققین اور دانشوروں نے شرکت کی۔ جس میں’’  محمد ﷺ کی محبت دین حق کی شرط اول ہے‘‘ پر گفتگو ہوئی۔

پروگرام کے میزبان جسٹس (ر) نذیر احمد غازی نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ کی محبت کامل ایمان کی علامت اور جنت کی ضمانت ہے۔

 انہوں نے صحابہ کرامؓ کی مثالیں دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے محبتِ نبوی ﷺ میں اپنی جان، مال اور اولاد سب کچھ قربان کر دیا، حتیٰ کہ ایک صحابیؓ نے ملک روم کی بادشاہت کو بھی ٹھکرا دیا، انہوں نے سر سید احمد خان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ وہ رسول اللہ ﷺ سے اس قدر محبت کرتے تھے کہ نبی کریم ﷺ کے عشق میں گھر کے برتن تک بیچ دیے۔

معروف اسکالر حافظ محمد اعظم نوری نے اللہ تعالیٰ کے رسول ﷺ کے تعارف کو نہایت دلنشین انداز میں بیان کیا اور بتایا کہ کس طرح خالقِ کائنات خود اپنے محبوب ﷺ کا تعارف اپنے بندوں سے کرواتا ہے، انہوں نے حضرت اُمّ عمارہؓ اور ان کے بیٹوں کی عظیم قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ہر عمل ناموسِ رسالت ﷺ اور تحفظِ ختمِ نبوت کے لیے وقف تھا۔

مولانا امیر حمزہ نے سیرتِ طیبہ ﷺ کے اہم واقعات جیسے غزوہ بدر اور صلح حدیبیہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان تمام غزوات کی بنیاد ہی رسول اللہ ﷺ کی محبت اور ناموس کے تحفظ پر قائم تھی، انہوں نے ایک صحابیہؓ کا تذکرہ کیا جنہوں نے اپنے آٹھ بیٹے عشقِ رسول ﷺ میں قربان کیے اور خود بھی شہادت کا جام نوش کیا۔

پروفیسر سید فہد علی کاظمی نے کہا کہ علامہ اقبالؒ نے بھی عشقِ رسول ﷺ کو دین کی اصل روح قرار دیا ہے، انہوں نے واضح کیا کہ اطاعت اور محبتِ رسول ﷺ کے بغیر توحید کا تصور نامکمل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا کی ظاہری آزادی درحقیقت غلامی ہے، جبکہ اصل آزادی اطاعتِ مصطفیٰ ﷺ میں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مسلمانوں اور غیر مسلموں کے درمیان سب سے بڑی حد فاصل ذاتِ رسول ﷺ ہے۔

مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی حقیقی سلامتی اور امت مسلمہ کی بقا محبتِ رسول ﷺ سے مشروط ہے، اور یہی جذبہ ہمارے دین اور قومی تشخص کا اصل سرمایہ ہے۔