پولینڈ کے سائیکلسٹ کو کے ٹو بیس کیمپ تک سائیکل چلانے کی اجازت مل گئی

May 04, 2025 | 09:57:AM
پولینڈ کے سائیکلسٹ کو کے ٹو بیس کیمپ تک سائیکل چلانے کی اجازت مل گئی
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)گلگت بلتستان کی اعلیٰ عدالت کی جانب سے پولینڈ کے سائیکلسٹ کو کے ٹو بیس کیمپ تک سائیکل چلانے کی اجازت دی گئی ہے، جو آئندہ چند روز میں اپنے سفر کا آغاز کرے گا۔

 رپورٹ کے مطابق پاؤل ملاشکو بحیرہ عرب کے ساحل سے لے کر کے ٹو بیس کیمپ تک سائیکل چلانے کی مہم جوئی کے سلسلے میں ہفتے کے روز گلگت پہنچے تھے، تاہم، ان کی مہم جوئی روک دی گئی تھی، کیوں کہ عدالت میں جاری کیس کی وجہ سے مشہور سیاحتی مقام پر جانے کے لیے مطلوبہ اجازت نامہ جاری نہیں کیا جا سکا تھا۔

گزشتہ روز گلگت بلتستان کی چیف کورٹ نے حکومت کو حکم دیا کہ پاؤل ملاشکو کو ٹریکنگ پرمٹ جاری کیا جائے۔

پچھلے سال گلگت بلتستان حکومت نے گلگت بلتستان فنانس ایکٹ 2024 کے تحت کوہ پیمائی اور ٹریکنگ مہمات کے لیے پرمٹ فیس میں 300 فیصد اضافہ کیا تھا۔

مزید پڑھیں:ممنوعہ ڈرگ کے استعمال پر جنوبی افریقی فاسٹ باولر گیسو رباڈا معطل

خطے کے ٹور آپریٹرز نے اس فیصلے کو عدالت میں چیلنج کر دیا تھا، تاہم عدالت نے حکم امتناع جاری کرتے ہوئے نئے اجازت نامے کے اجرا کو معطل کر دیا۔

ٹور آپریٹر اصغر علی پورک کے مطابق پاؤل ملاشکو نے ٹریکنگ پرمٹ کے لیے گلگت بلتستان کی چیف کورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔

گلگت بلتستان کے محکمہ سیاحت کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ پولش سائیکلسٹ کو عدالتی حکم کے بعد ٹریکنگ کا اجازت نامہ دیا گیا ہے۔

عہدیدار نے مزید بتایا کہ جب تک عدالت واضح ہدایت نہیں دیتی، دیگر غیر ملکیوں کو اجازت نامے جاری نہیں کیے جا سکتے۔