ممنوعہ ڈرگ کے استعمال پر جنوبی افریقی فاسٹ باولر گیسو رباڈا معطل
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)جنوبی افریقہ کے مایہ ناز فاسٹ باولر کاگیسو رباڈا کو ممنوعہ ڈرگ کے استعمال کے باعث عبوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق کاگیسو رباڈا نے اس سال کے شروع میں SA20 لیگ کے دوران ممنوعہ ڈرگ کا استعمال کیا جس کا انکشاف ان کے ڈوپ ٹیسٹ سے ہوا۔
رباڈا انڈین پریمیئر لیگ میں گجرات ٹائٹنز کی نمائندگی کر رہے تھے اور دو میچز کھیلنے کے بعد ذاتی وجوہات کی بنا پر جنوبی افریقہ واپس لوٹ گئے ہیں۔
خیال رہے کہ رباڈا ٹیسٹ کرکٹ میں جنوبی افریقہ کے پانچویں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر ہیں اور انہوں نے 70 ٹیسٹ میچوں میں 327 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
ربادا کی یہ خلاف ورزی رواں سال جنوری، فروری میں منعقدہ ساؤتھ افریقین (ایس اے) 20 لیگ کے دوران ہوئی تھی،اگرچہ ان پر عائد پابندی کی مدت کی تصدیق ابھی نہیں ہوئی، مگر وہ دوبارہ بھارت پہنچ چکے ہیں۔
جنوبی افریقی کرکٹرز ایسوسی ایشن (ایس اے سی اے) کے ذریعے جاری کردہ بیان میں ربادا نے اپنے عمل پر معذرت کرتے ہوئے کہا ’جیسا کہ رپورٹ کیا گیا ہے کہ میں حال ہی میں ذاتی وجوہات کی بنا پر آئی پی ایل سے جنوبی افریقہ واپس آیا تھا تاہم، اس کی اصل وجہ میری ڈوپنگ رپورٹ مثبت آنا تھی جو تفریح میں منشیات کے استعمال کی وجہ سے ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ میں ان تمام لوگوں سے معذرت خواہ ہوں جنہیں میں نے مایوس کیا جب کہ میرے لیے کرکٹ کھیلنا کسی اعزاز سے کم نہیں اور یہ میرے ذاتی مقاصد سے بڑھ کر ہے۔
فاسٹ باؤلر نے مزید کہا کہ میں اس وقت عارضی معطلی کی سزا بھگت رہا ہوں اور کھیل میں واپسی کے لیے پرجوش ہوں جب کہ میں اپنے دوستوں اور خاندان کا شکریہ جنہوں نے مجھے سمجھا اور بے پناہ محبت دی۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ لمحہ میری شناخت طے نہیں کرے گا، میں ہمیشہ کی طرح محنت کرتا رہوں گا اور اپنے کھیل سے لگن اور جوش کے ساتھ وابستہ رہوں گا۔
جنوبی افریقی کرکٹ ایسوسی ایشن نے اس معاملے سے متعلق مزید سوالات کا جواب دینے سے انکار کر دیا۔
کرکٹ ساؤتھ افریقہ کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ ربادا کے مزید کرکٹ میچز، بشمول جون میں آسٹریلیا کے خلاف ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل میں شرکت پر کوئی خدشات نہیں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں :چین کے بعد ترکی کا بھی پاکستان کی حمایت کا اعلان