اللہ نے خواتین کو وراثتی حقوق دیے ہیں اور ہمیں اسکی پاسداری کرنا ہے، خاتون محتسب پنجاب

May 04, 2023 | 16:28:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) خاتون محتسب پنجاب نبیلہ حاکم خان کے زیرصدارت فاطمہ جناح میڈیکل کالج و یونیورسٹی لاہور میں خواتین کے  وراثتی حقوق اور کام کی جگہوں پر ہراسگی سے متعلق قوانین بارے آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔

صوباٸی محتسب پنجاب نبیلہ حاکم خان نے سیمینار سے اپنے خطاب میں کہا کہ اللہ نے خواتین کو وراثتی حقوق دیے ہیں اور ہمیں اللہ کے اس قانون کی پاسداری کرنا ہے، جائیداد کے حقوق سے متعلق ہمیں تقریباً 8 ہزار درخواستیں موصول ہوٸیں جن میں سے 5 ہزار کے قریب فیصلے سنا دیے گٸے ہیں۔

خاتون محتسب پنجاب نے مزید کہا کہ نوٹیفاٸیڈ ہراسمنٹ کمیٹیز ہر ادارے میں بناٸی گٸی ہیں۔ اس کے ذریعے تین دن میں جواب داخل کروایا جاتا ہے۔ زبانی یا تحریری ہراسمنٹ یا کسی قسم کی ہراسمنٹ کیخلاف خواتین خاتون محتسب پنجاب کے ادارے سے بلاخوف و خطر براہ راست رابطہ کرسکتی ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ دفاتر میں مناسب جگہوں پر پر قوانین چسپاں کیے گیے ہیں۔

انہوں نے ویمن پراپرٹی رائٹس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 2021ء اس قانون کے تحت 90 دن میں خاتون کو اسکا حق دلایا جاتا ہے۔ خاتون محتسب کی عدالت میں کسی قسم کا حکم امتناٸی (سٹے آرڈرز) نہیں ہوسکتا، اس عدالت کے پاس بہت سے اضافی اختیارات موجود ہیں۔

اس موقع پر واٸس چانسلر فاطمہ جناح میڈکل یونیورسٹی ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلام نے عورت کو مالی، معاشی، اخلاقی و تعلیمی حقوق عطا کیے ہیں۔ نبوت کو سب سے پہلے سہارا دینے والی حضرت خدیجہؓ اور علم میں یکتاٸی کی مالک حضرت عاٸشہؓ تھیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عورت کا کردار ماں، بیٹی اور بہن کا ہے، ان کے وراثتی حقوق کی فراہمی میں بھی معاشرے کو کردار ادا کرنا چاہیئے۔ اس موقع پر واٸس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل کالج و یونیورسٹی ڈاکٹر خالد مسعود گوندل، سیکرٹری خاتون محتسب پنجاب صاٸمہ صادق، فیکلٹی ممبران اور میڈیکل کی طالبات کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔