معروف گلوکار، صدا کار اور مصنف ڈاکٹر امجد پرویز انتقال کرگئے

Mar 04, 2024 | 00:12:AM
معروف گلوکار، صدا کار اور مصنف ڈاکٹر امجد پرویز انتقال کرگئے
کیپشن: ڈاکٹر امجد پرویز (فائل فوٹو)
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(زین مدنی) معروف گلوکار اور کئی کتابوں کے مصنف ڈاکٹر امجد پرویز انتقال کرگئے۔

ڈاکٹر امجد پرویز ایک ماہ سے علیل تھے اور گزشتہ روز گردے فیل ہونے کے باعث وفات پاگئے۔ انکی نمازجنازہ پیر کو بعد نماز ظہر جامعہ مسجد شادمان چوک لاہور میں ادا کی جائے گی۔ ڈاکٹرامجد پرویز پیشے کے اعتبار سے انجنیئر، کئی اردو اورانگریزی کتابوں کے مصنف اور گلوکار تھے۔

   انہوں نے 1954ء میں ریڈیو پاکستان کے لاہورمرکز سے پروگرام ’ہونہار‘ میں بطور چائلڈ آرٹسٹ پہلی مرتبہ شرکت کی اور زندگی بھر ریڈیو کے ساتھ منسلک رہے۔ وہ آج کل ریڈیو پاکستان لاہور کے پروگرام فن اور فنکار میں ملکہ ترنم نور جہاں کے فن اور شخصیت پر اپنا تجزیہ پیش کر رہے تھے۔

   ڈاکٹر امجد پرویز نے استاد نزاکت علی خان سے باقاعدہ کلاسیکل موسیقی کی تربیت حاصل کی، استاد سلامت علی خان، استاد غلام شبیر خان، استاد غلام جعفر خان، اختر حسین اکھیاں اور میاں شہریار سے بھی کلاسیکل میوزک کے اسرار و رموز اور باریکیوں کو سمجھا۔ 1970ء کی دہائی میں ریڈیو پاکستان لاہور مرکز سے ڈاکٹر امجد پرویز کی گائی ہوئی 100 سے زائد غزلیں اور گیت نشر ہوئے۔

ڈاکٹر امجد پرویز نے میوزک کے علاوہ بہت سی کتابیں بھی لکھیں۔ وہ طویل عرصے ایک قومی اخبار میں مستقل طور پر کالم بھی لکھتے رہے، ان کالموں کو 2006ء اور 2011ء میں کتابی شکل میں بھی شائع کیا گیا۔ اس کے علاوہ ڈاکٹر امجد پرویز نے میلوڈی میکرز آف subcontinent نامی اپنی کتاب میں 1950ء سے 1980ء کی تین دہائیوں کے دوران کام کرنے والے پاک بھارت کے 47 میوزک کمپوزرز کے بارے میں تفصیل سے لکھا، یہ کتاب 2012ء میں شائع ہوئی۔

ڈاکٹر امجد پرویز نے میلوڈی سنگرز کے نام سے دو کتابیں لکھیں جبکہ rainbow of reflections  ان کی آخری انگریزی کتاب تھی۔ ڈاکٹرامجد پرویز کو 1977ء میں بہترین ٹیکنیکل پیپر لکھنے پر صدر مملکت کی جانب سے گولڈ میڈل، 2009ء میں ڈاکٹر اے کیو خان لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ اور 2000ء میں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی پرائیڈ آف پرفارمنس سے نوازا گیا۔

ڈاکٹر امجد پرویز کے انتقال پر شوبز سے وابستہ شخصیات نے اظہار افسوس کرتے ہوئے انہیں پاکستانی موسیقی کی پہچان قرار دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھی ڈاکٹر امجد پرویز کے انتقال پر اظہار افسوس کیا اور اہل خانہ سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کی۔

ڈاکٹر امجد پرویز کے بارے میں مریم نواز نے کہا کہ فن موسیقی میں ان کی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔