اسرائیل اور لبنان میں جنگ بندی،عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں گر گئیں

Jun 04, 2026 | 08:12:AM
اسرائیل اور لبنان میں جنگ بندی،عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں گر گئیں
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں جمعرات کو کمی دیکھی گئی، جس کی بڑی وجہ اسرائیل اور لبنان کے درمیان جنگ بندی کا معاہدہ اور ایران کے ساتھ ممکنہ مذاکرات کی امیدوں میں اضافہ قرار دیا جا رہا ہے۔

برینٹ خام تیل 67 سینٹ کمی کے بعد 97.14 ڈالر فی بیرل جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل 62 سینٹ کمی کے ساتھ 95.40 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہوتا رہا۔

اس سے ایک روز قبل بدھ کو دونوں بینچ مارکس میں تقریباً 2 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا،قیمتوں میں یہ اضافہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی بڑھنے، ایران کے کویت پر حملوں اور آبنائے ہرمز کے قریب امریکی فوجی کارروائیوں کے باعث سامنے آیا تھا۔

دوسری جانب امریکی ایوانِ نمائندگان نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران کے خلاف جنگی اختیارات محدود کرنے کی قرارداد منظور کر لی ہے تاہم اس قرارداد کے نافذ العمل ہونے کے لیے سینیٹ کی منظوری اور ممکنہ صدارتی ویٹو کو مسترد کرنے کے لیے دو تہائی اکثریت درکار ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں:کیا آپ بھی راتوں رات امیر بننا چاہتے ہیں ؟ قرعہ اندازی میں شامل ہوکر قسمت آزمائیں 

صدر ٹرمپ نے عندیہ دیا ہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات میں ممکنہ پیش رفت رواں ہفتے کے اختتام تک سامنے آ سکتی ہے، ادھر ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ تہران اور واشنگٹن کے درمیان رابطے منقطع نہیں ہوئے، تاہم مذاکرات میں اب تک کوئی نمایاں پیش رفت نہیں ہوئی اور دونوں فریق تبادلہ شدہ تجاویز کا جائزہ لے رہے ہیں۔

امریکی محکمہ توانائی کے مطابق 29 مئی کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران خام تیل کے ذخائر 80 لاکھ بیرل کم ہو کر 433.7 ملین بیرل رہ گئے، جو ماہرین کی توقعات سے کہیں زیادہ کمی ہے۔