لازوال گیتوں کی موسیقی دینے والے ایم اشرف  کوبچھڑے19برس بیت گئے

 45سالہ کیریئرکے دوران 400فلموں کی موسیقی دی اور 2800کے قریب فلمی گانے کمپوز کیے

Feb 04, 2026 | 11:36:AM
  لازوال گیتوں کی موسیقی دینے والے ایم اشرف  کوبچھڑے19برس بیت گئے
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ایم وقار)جب کوئی پیار سے بلائے گا،تم کو ایک شخص یاد آئے گاسمیت درجنوں لازوال گیتوں کی موسیقی ترتیب دینے والے نامور موسیقار ایم اشرف کو دنیا سے رخصت ہوئے19برس ہوگئے۔ 
 ایم اشرف نامور موسیقار ماسٹر عنایت اور ماسٹر عبداللہ کے بھانجے اوراختر حسین کے شاگرد تھے،انہوں نے بطور میوزک ڈائریکٹر شباب کیرانوی کی فلم’’ سپیرن‘‘ سے اپنے کام کا آغاز کیا اور آنے والے45 برس تک مسلسل اردو اور پنجابی فلموں کے لیے ہر طرح کے گانوں کی موسیقی مرتب کرتے رہے،انہوں نے اپنے 45سالہ کیریئرکے دوران 400فلموں کی موسیقی دی اور 2800کے قریب فلمی گانے کمپوز کیے۔


ایم اشرف کی مشہور فلموں میں اناڑی،تم ہی ہو محبوب میرے،فسانہ دل اور دیگر شامل ہیں،انہوں نے ہی شوکت علی،ناہید اختر، نیرہ نور،رجب علی،اسد امانت علی خاں اور دیگر گلوکاروں کو متعارف کروایا،60اور 70کے عشروں میں وہ مصروف ترین موسیقار تھے اور اسی عرصے کے دوران انہیں ایک درجن سے زیادہ ایوارڈ ملے تھے،وہ  واحد میوزک ڈائریکٹر تھے جنہوں نے پاکستان کی تین نسلوں کیلئے میوزک کمپوز کیا،ان کے ہونہار بیٹے ایم ارشد نے اپنے والد کے فن کو جاری رکھا ہوا ہے۔
 60 کے عشرے میں انہوں نےموسیقار منظور کے ساتھ کام کیا اور ان کی جوڑی منظور اشرف کے نام سے بہت مشہور ہوئی اس کے بعد یہ جوڑی ٹوٹ گئی اور یوں منظور منظر عام سے غائب ہو گئے لیکن ایم اشرف نے موسیقی کی دنیا میں اپنا ایک الگ نام پیدا کیا۔ 
 ملکہ ترنم نورجہاں اورمہدی حسن سے لیکر طاہرہ سید، رجب علی، اخلاق احمد، نیرہ نور اور انور رفیع تک ہر گلوکار اور گلوکارہ نے ایم اشرف کے مرتب کردہ گیت گائے،اِن کے ترتیب دیئے ہوئے کچھ گیتوں کی موسیقی تو امر ہے جیسے ہمارے دِل سے مت کھیلو،جب کوئی پیار سے بلائے گا،تمہی ہو محبوب میرے،تو جہاں کہیں بھی جائے میرا پیار یاد رکھنا،میرا بابو چھیل چھبیلا میں تو ناچوں گی،دِل کو جلانا ہم نے چھوڑ دیا چھوڑ دیا اوردیگرشامل ہیں۔


 لوک دھنوں پر ترتیب دیے ہوئے ان کے پنجابی نغمے بھی زبان زدِ خاص و عام ہوئےتھے جن میں نمبواں دا جوڑا اسی باگے وچوں توڑیا،دو پتّر اناراں دے یا پھر مشہورِ عالم میرا لونگ گواچاشامل تھے۔
 ایم اشرف نے پاکستان میں کئی ریکارڈ قائم کئے، انہوں نے سب سے زیادہ فلموں کی موسیقی دی اور اس کے علاوہ چار اہم گلوکاروں کے ساتھ بیک وقت کام کیا جن میں نور جہاں ،مہدی حسن ،مسعود رانا اور احمد رشدی شامل ہیں۔
ایم اشرف کو چوٹی کے نغمہ نگاروں کی خدمات بھی حاصل رہیں جن میں فیاض ہاشمی، تسلیم فاضلی‘ قتیل شفائی‘ کلیم عثمانی اور خواجہ پرویز شامل تھے، انہوں نے ناہید اختر سے بڑے شاندار نغمات گوائے، 1974ء میں ریلیز ہونے والی فلم ”شمع“ میں ناہید اختر نے ان کی موسیقی میں بڑے خوبصورت گیت گائے خاص طور پر ناہید اختر کا گایا ہوا گیت ”کسی مہرباں نے آ کے میری زندگی سجا دی“ آج بھی اپنی مقبولیت قائم رکھے ہوئے ہے۔

یہ بھی پڑھیں:لوپھربسنت آئی؛ملکہ پکھراج کو بچھڑے22برس بیت گئے
ان کے لازوال گیتوں میں تمہی ہو محبوب میرے،یہ دنیا رہے نہ رہے میرے ہمدم، ہمارے دل سے مت کھیلو، تیرے بنا دنیا میں، کسی مہرباں نے آ کے، آنکھیں غزل میں آپ کی،  تیرا سایہ جہاں بھی ہو سجنا اوردیگرشامل ہیں۔
یہ نامور موسیقار 4فروری 2007کو مداحوں سے بچھڑ گئے تھے مگر ان کی ترتیب کردہ موسیقی آج بھی کانوں میں رس گھولتی ہے۔