تقرروتبادلے، ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن وزارتِ بحری امور کے ماتحت فشریز ڈویلپمنٹ کمشنر مقرر

Jul 03, 2026 | 23:23:PM
تقرروتبادلے، ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن وزارتِ بحری امور کے ماتحت فشریز ڈویلپمنٹ کمشنر مقرر
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(بابر شہزاد تُرک)وفاقی حکومت نے مختلف سروسز، گروپس کے افسران کے تقرر، تبادلوں، ڈیپوٹیشن میں توسیع اور او ایس ڈی کیے جانے سے متعلق الگ الگ نوٹیفکیشن جاری کئے ہیں، وزیراعظم نے ڈاکٹر محمد حفیظ الرحمٰن کو وزارتِ بحری امور کے ماتحت فشریز ڈویلپمنٹ کمشنر مقرر کر دیا ہے، ڈاکٹر محمد حفیظ الرحمٰن، یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز (یو وی اے ایس) پتوکی کے شعبہ فشریز اینڈ آبی زراعت میں ایسوسی ایٹ پروفیسر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے، انہیں مستقل بنیادوں پر فوری طور پر فشریز ڈویلپمنٹ کمشنر تعینات کیا گیا ہے، نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تقرری فوری طور پر نافذ العمل ہوگی اور آئندہ احکامات تک برقرار رہے گی۔

 اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری دیگر احکامات کے مطابق بھاری کرپشن کے الزامات کے باعث معطل نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے معطل کئے گئے سابق ڈائریکٹر جنرل، پولیس سروس آف پاکستان کے گریڈ 20 کے وقارالدین سید کو 29 اکتوبر 2025ء سے باضابطہ طور پر آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی (او ایس ڈی) قرار دے دیا گیا ہے، ایک اور نوٹیفکیشن کے مطابق پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس، گریڈ 20 کے تقرری کے منتظر افسر عبدالحفیظ عمرانی کو بھی او ایس ڈی مقرر کیا گیا ہے۔

 دریں اثناء، وفاقی حکومت نے نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر محمد عامر جان کی ڈیپوٹیشن پر تعیناتی میں ایک سال کی توسیع کر دی ہے، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مطابق توسیع کا اطلاق 18 مئی 2026ء سے ہوگا اور وہ مستقل تقرری یا نئے افسر کی تعیناتی، جو بھی پہلے ہو، تک اپنے عہدے پر خدمات انجام دیتے رہیں گے۔

مزید برآں، تقرری کی منتظر افشاں صابر کو ڈپٹی سیکریٹری، ریونیو ڈویژن جبکہ تقرری کے منتظر صداقت علی کو سیکشن افسر، خزانہ ڈویژن تعینات کیا گیا ہے، علاوہ ازیں، خیبرپختونخوا حکومت میں تعینات کامران خان کو ڈیپوٹیشن پر 3 سال کیلئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر (سرویلنس)، فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف امیونائزیشن مقرر کیا گیا ہے، وفاقی حکومت نے ایک الگ نوٹیفکیشن کے ذریعے سیکشن افسر سید اصغر علی کی کامرس ڈویژن میں ڈیپوٹیشن پر تعیناتی میں مزید دو سال کی توسیع کی منظوری بھی دے دی ہے، نوٹیفکیشن کے مطابق ان کی ڈیپوٹیشن یکم جون 2028ء تک برقرار رہے گی، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے تمام تقرر و تبادلوں، او ایس ڈی کیے جانے اور ڈیپوٹیشن میں توسیع کے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیئے گئے ہیں۔

دیگر کیٹیگریز: پاکستان - قومی
ٹیگز: