پاکستان کیلئے پہلا گولڈ میڈل جیتنے والے نامور پہلوان کا 100 برس کی عمر میں انتقال
Stay tuned with 24 News HD Android App
(حافظ شہباز علی) پاکستان کے لیے بین الاقوامی کھیلوں میں پہلا گولڈ میڈل جیتنے والے ریسلر دین محمد پہلوان 100 برس کی عمر میں انتقال کرگئے،صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر اور ڈی جی سپورٹس پنجاب خضر افضال چودھری کا اظہار تعزیت۔
تفصیلات کے مطابق دین محمد پہلوان کے بیٹے نے ان کے انتقال کی تصدیق کردی ہے،دین محمد نے 1955 میں ایشین گیمز میں پاکستان کی تاریخ کا پہلا گولڈ میڈل جیتا ۔دین محمد کی اس کامیابی نے دنیائے کھیل میں پاکستان کی الگ شناخت متعارف کروائی تھی ۔دین محمد اس سال فروری میں 100 سال کے ہوئے تھے ۔دین محمد پہلوان کی نماز جنازہ رات9بجے باٹا پور میں ادا کی جائے گی۔
دین محمد پہلوان کے انتقال پر صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا ہےکہ ریسلر دین محمد کی ملک کے لیے خدمات ناقابلِ فراموش ہیں،دین محمد نے ریسلنگ میں پاکستان کا پرچم بلند کیا، دین محمد جیسے قومی ہیروز قوم کا فخر ہیں، صوبائی وزیر نے مرحوم کے اہلیخانہ سے دلی ہمدردی اور صبر و جمیل کی دعا کی اور کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم دین محمد کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔
ڈی جی سپورٹس پنجاب خضر افضال چودھری نے بھی پاکستان کے پہلے انٹرنیشنل گولڈ میڈلسٹ ریسلر دین محمد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریسلر دین محمد نے ملک کا نام روشن کیا ،دین محمد کی سپورٹس میں خدمات کو یاد رکھا جائے گا ۔
صدر پنجاب ریسلنگ ایسوسی ایشن چوہدری ارشد ستار اور صدر لاہور ریسلنگ ایسوسی ایشن مہر اکرم عرف کالا پہلوان نے بھی دین محمد کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان کا آئندہ ہفتے دورہ پاکستان کا امکان،مختلف شعبوں میں تعاون زیر غور آئیگا