اسپیکر پنجاب اسمبلی نے سنی اتحاد کونسل کے 26 ارکان کیخلاف نااہلی ریفرنس دائر کردیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے سنی اتحاد کونسل کے 26 ارکان کے خلاف الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کردیا۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان الیکشن کمیشن پہنچ گئے، جہاں انہوں نے سنی اتحاد کونسل کے ارکان صوبائی اسمبلی پنجاب کے خلاف نااہلی ریفرنس الیکشن کمیشن میں دائر کر دیا،ذرائع کے مطابق ملک احمد نے سنی اتحاد کونسل کے 26 ارکان صوبائی اسمبلی کے خلاف الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کیا۔
27 جون کو پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن ارکان نے شور شرابہ اور ہنگامہ آرائی کے ساتھ ساتھ توڑ پھوڑ کی تھی۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی کی جانب سے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کے 26 ارکان کی رکنیت معطل کی گئی تھی ، جس کے بعد 28 جون کو اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے اپوزیشن کے 26 ارکان کی نااہلی کے لیے ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھیجنے کا اعلان کیا تھا۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان کا کہنا ہے کہ ریفرنس دائر کردیا ہے جو لوگ آئین اور حلف کی پاسداری نہیں کرسکتے انہیں رکن اسمبلی رہنے کا حق نہیں، آئین توڑنے والے 25 کے بجائے 35 بھی ہوں تو بھی یہی کروں گا، آئین ہمیشہ غالب رہے گا۔
اسپیکرپنجاب اسمبلی نے مزید کہا کہ حلف کی پاسداری کی خلاف ورزی کس زمرے میں آتا ہے؟ یہ سوال الیکشن کمیشن کے سامنے رکھا ہے۔