تحریک انصاف سے مقابلہ ہے، کسی سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں کروں گا، پرویز خٹک

Jan 03, 2024 | 01:44:AM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 24نیوز: پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز کے سربراہ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے ساتھ میرا مقابلہ ہے۔ اس صوبے کو کوئی کمزور آدمی آگے نہیں لے جا سکتا، میں نے صوبے میں کام کیا ہے، ہم کچھ کر کے آئے ہیں تب ہی میدان میں آئے ہیں۔اگر میں نے کچھ کیا نہ ہوتا تو اتنی بڑی باتیں نہ کرتا،  لوگ سمجھدار ہیں، ینگ جنریشن سب  جانتی ہے کہ کون کام کرنے والے لوگ ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز (پی ٹی آئی پی) کے سربراہ پرویز خٹک نے اعلان کیا کہ میری ایک زبان ہے، کسی پارٹی سے اتحاد نہیں کرونگا۔ میں کسی پارٹی سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں کر رہا، ہمیں الیکشن کے حوالے سے کوئی خدشہ نہیں، جسے خدشہ ہے وہ گھر بیٹھ جائے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں نے جیتنے کے بعد منشور کا خیال نہیں رکھا، کوشش ہوگی کہ ہر حلقے سے امیدوار سامنے لائیں، سیٹ ایڈجسٹمنٹ اس لئے نہیں کریں گے کہ جن کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کریں گے ان کے ساتھ دوسرے حلقوں میں مقابلہ بھی کرنا ہو گا۔ ایک حلقے میں الگ بات کریں اور دوسرے میں الگ بات کریں تو یہ دھوکہ ہے۔

نپرویز خٹک نے کہا  کہ میں سیاسی اتحاد کے حق میں نہیں اس سے جمہوریت کو نقصان ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں جو ترقی دیکھ رہے ہیں وہ میری مرہونِ منت ہے۔ بلے کے نشان کے حوالے سے پرویز خٹک کاکہنا تھاکہ وکیل نے مشورہ دیا  تھا کہ بلے کے نشان کے لیے درخواست دیں میں نے منع کردیا، ہمارا نشان پگڑی ہے۔ اور ہم پگڑی کے نشان پر ہی الیکشن لڑیں گے ۔