جس پولنگ سٹیشن پر ای وی ایم ہوگی اسے آگ لگا دینگے‘ رانا ثنا اللہ

Dec 03, 2021 | 21:38:PM
رانا ثنا اللہ، آگ لگادیں گے
کیپشن: رانا ثنا اللہ فائل فوٹو

(ویب ڈیسک)پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ حکومت ای وی ایم کو بھول جائے ،جس پولنگ سٹیشن پر ای وی ایم ہوگی اس کو آگ لگا دیں گے ، معیشت کی حالت یہ ہے گورنر پنجاب کہہ رہے ہیں کہ 6 ارب ڈالر زکے لیے آئی ایم ایف نے سب کچھ گروی رکھوا لیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سیالکوٹ میں سری لنکن شہری کا قتل افسوسناک ہے،ترجمان پنجاب حکومت

تفصیلات کے مطابق پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ  تحریک عدم اعتماد کی باتیں چوکوں چوراہوں میں نہیں ہوتیں، نمبرز پورے ہوں تو پنجاب ہی نہیں وفاق میں بھی پیشرفت کریں گے،استعفوں پر ہمارا موقف تھا کہ تمام اپوزیشن پارلیمنٹ سے باہر آجائے تو اس کا اثر ہوگا،لانگ مارچ کی تاریخ کا تعین چھ دسمبر کے پی ڈی ایم کے اجلاس میں ہوگا، ہم نہیں چاہتے ملک کو ہماری وجہ سے کوئی نقصان پہنچے ،آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر مطالبات منوانا چاہتے ہیں ۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پارٹی کو یونین کونسل کی سطح پر منظم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا آج اس کی رپورٹ پیش کی گئی جو حوصلہ افزا ہے ،ساٹھ فیصد کارکردگی کی رپورٹ ہے ،ان علاقوں پر فوکس کر رہے جہاں سے (ن)لیگ کو نکال کر کسی اور جماعت کے لوگوں کو پٹے پہنائے گئے ،پچیس دسمبر کو تنظیم سازی مکمل ہوجائے گی ،علما ءونگ کو بھی مکمل کیا جارہا ۔ 

انہوں نے کہا کہ ملک کو آج جن حالات کا سامنا ہے اس کا حل ہے یہ ہے کہ فوری شفاف الیکشن کروائے جائیں،آج حکومت کسی سطح پر نظر نہیں آرہی ،گورننس نام کی کوئی چیز نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی فس میں ٹاؤٹ بیٹھے ہیں ،ایسی کرپشن گزشتہ چوہتر سالوں میں نہیں دیکھی جو آج حکومت کر رہی ہے ،پورا صوبہ چوروں ،ڈاکوﺅں کے حوالے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک سازش کے تحت ٹولے کو ملک پر مسلط کیا گیا ،اسٹیٹ بنک سے لے کر ساری معیشت آئی ایم ایف کے سپرد کر دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب پیٹرول دو سو روپے لیٹر پہنچے گا تو عوام کا جینا مشکل ہوجائے گا،(ن) لیگ کے دور میں ایمر جنسی میں ادویات مفت تھیں ۔ 

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کے پاس انتقام اور گھٹیا گفتگو کے سوا کچھ نہیں ، یہ ملک کو تباہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں سے محبت ہے ، وہ ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں،شفاف الیکشن (ن)لیگ کی نہیں پاکستان کی ضرورت ہے،اگر شفاف الیکشن نہ ہوئے لوگ نتائج کو تسلیم کریں گے جس سے ملک کسی بھی تباہی کا شکار ہوسکتا ہے ۔

یہ بھی پڑھیں:فواد چودھری کے بعد اعظم سواتی نے بھی معافی مانگ لی